لاہور، گوجرانوالہ میں ڈکیتی مزاحمت پر تاجر، خاتون دو بیٹیوں سمیت زخمی، ایڈیشنل سیشن جج لٹ گئے
لاہور+ گوجرانوالہ+ قلعہ دیدار سنگھ (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) صوبائی دارالحکومت میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ شالیمار میں مزاحمت پر تاجر کو پسٹل کے بٹ مار کر زخمی کردیا ہے۔ شالیمارکے علاقہ جی ٹی روڈ پرعبد الرحمن کی دکان میں 3 ڈاکو گھس آئے۔ انہوں نے وہاں موجود افراد کوگن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر لوٹنے کی کوشش کی تواس دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے پر عبدالرحمن کے بھائی کو پسٹل کے بٹ مار کر زخمی کر دیا اور ہزاروں روپے نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ٹائون شپ میں عمران اپنے بھائی نعمان اور ایڈیشنل سیشن جج نعیم کے ہمراہ شاپنگ کرکے واپس آ رہا تھا کہ دو ڈاکوئوںنے ان سے 55ہزار روپے نقدی اورموبائل فون لوٹ لئے ہیں۔ ڈاکوؤں نے اکبری گیٹ میں مرزا خان کے گھر گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 17لاکھ 5ہزار روپے، سمن آباد میں حسنین کی فیملی کو یر غما ل بنا کر 6لاکھ 10ہزار روپے، شادمان میں صابرکے گھر میںگھس کر اہلخانہ کوگن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 5لاکھ روپے، وحدت کالونی میں فاروق کی فیملی کو یرغمال بنا کر 4لا کھ50ہزار روپے، ستوکتلہ میں فیاض کے گھر سے 4لاکھ 10ہزار روپے، گرین ٹاؤن میں اسلم کی فیملی کو یرغمال بنا کر 3لاکھ 75ہزار روپے، گلشن راوی میں ناصرکی فیملی کو یرغمال بنا کر 3لاکھ 25ہزار روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، رائیونڈ میں آرائیاں سٹاپ پر ظفر اقبا ل کی دکان سے ساڑھے 3لاکھ روپے، مزنگ چوبرجی چوک میں ذیشان کی دکان سے ڈیڑھ لاکھ روپے، ساندہ میںنعمان سے ڈیڑھ لاکھ روپے، شاد باغ میں یاسر سے سوا لاکھ روپے اور موٹرسائیکل، شاہدرہ میں عدنان سے 90ہزارروپے، لٹن روڈ میں فیصل سے51ہزار، نواب ٹائون میں عرفان سے50 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا ہے۔ چوروں نے ٹائون شپ میں سے سبطین، جوہر ٹائون میں سے عبداللہ کی گاڑیاں جبکہ بادامی باغ سے شاہد، اسلام پورہ میں عامر، سول لائن میں زید، نواں کوٹ میں عدیل، ہربنس پورہ میں دانش، سبزہ زار میںسے غلام فرید کی موٹرسائیکلیں چوری کر لی ہیں۔ گوجرانوالہ+ قلعہ دیدار سنگھ نمائندہ خصوصی + نامہ نگار کے مطابق ڈاکوؤں نے ماں، پانچ ماہ اور چھ سالہ بچی شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ قلعہ دیدار سنگھ کے علاقہ محلہ عباس پورہ کے رہائشی امان اللہ کے گھردو نامعلوم ڈاکو گھس گئے گھر میں موجود سمیعہ نے مزاحمت کی تو ڈاکوئوں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں سمیعہ اور قریبی چارپائی پر لیٹی ہوئی پانچ ماہ کی عدن، چھ سالہ فاطمہ کو گولیاں لگ گئیں جن کو فوری طور پر رورل ہیلتھ سنٹر قلعہ دیدار سنگھ پہنچایا گیا ابتدائی طبی امداد کے بعد ان کو ڈی ایچ کیو گوجرانوالہ ریفر کر دیا گیا، پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔