اسسٹنٹ کمشنر وسیم احمد خان کے مجسٹریٹی اختیارات واپس
اسلام آباد (اے پی پی) چیف کمشنر اسلام آباد نے غریب ریڑھی بان کو 75 ہزار روپے جرمانہ کرنے والے اسسٹنٹ کمشنر انـڈسٹریل ایریا وسیم احمد خان کے مجسٹریٹی اختیارات واپس لے کر محکمانہکارروائی کا آغاز کر دیا۔ ضلعی انتظامیہ کے باوثوق ذرائع نے پیر کو ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ مذکورہ اسسٹنٹ کمشنر کے خلاف پہلے بھی دو شکایات تھیں اور انہیں سمجھایا بھی گیا تھا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال نہ کریں مگر انہوں نے کراچی کمپنی کے ریڑھی بان کو ناجائز منافع خوری پر 75 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا، ریڑھی بان کی درخواست پر فوری طور پر مذکورہ افسر کے تمام مجسٹریٹی اختیارات واپس لے لئے گئے ہیں اور ضابطہ کی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ واضح رہے کراچی کمپنی کے ایک غریب ریڑھی بان نے چیف کمشنر کو درخواست دی کہ وہ ایک غریب ریڑھی بان ہے جسے 75 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا جو زیادتی ہے لہٰذا جرمانہ معاف کیا جائے۔ بعد ازاں یہ شکایت سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی جس کے بعد چیف کمشنر اسلام آباد نے غریب ریڑھی بانوں کو بھاری جرمانے کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر انڈسٹریل ایریا وسیم احمد خان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی ہے۔