چولستان میں خشک سالی‘ ہرن بھی بھوک پیاس سے مرنے لگے
یزمان (نیوز رپورٹر) چولستان میں ٹوبے خشک ہونے کے باعث پانی کی شدید کمی۔ جنگلی حیات بھی پانی کو ترس گئے۔ بدترین خشک سالی کے اثرات نمودار۔ حکومتی سطح پر اقدامات ندارد۔ چولستانی شدید مایوسی کا شکار ہو گئے۔ صحرا میں ہرن بھی بھک پیاس سے مرنے لگے ہیں۔ بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے قدرتی چارہ پیدا نہ ہو سکا اور چولستان میں ہریالی کی بجائے ہر طرف ویرانی چھائی ہوئی ہے۔ چولستانیوں کریم بخش لابھو‘ اللہ داد‘ خدا بخش‘ کمن خان‘ گامن پنوار‘ بنوں پرہاڑ کے مطابق ان دنوں چولستان میں جانا موت کو دعوت دینا ہے۔ بچے کھچے جنگلی حیات سوکھی لکڑیاں چبانے اور خشک ٹوبوں میں کیچڑ پڑا ہوا پینے پر مجبور ہیں۔ خشک سالی کی وجہ سے چولستان سے تیزی سے جنگلی حیات کا خاتمہ ہو رہا ہے۔ اسی بنا پر حکومت کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔