قرآنی تعلیمات پر عمل کرکے دنیا و آخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں: شمیم اصغر رائو
ملتان(نامہ نگار خصوصی) ریذیڈنٹ ایڈیٹر روزنامہ نوائے وقت شمیم اصغر رائو نے کہا ہے کہ قرآن مجید آفاقی اور انقلابی کتاب ہے جو ضابطہ حیات ہے ۔ قرآنی تعلیمات پر عمل کرکے ہم دنیا اور آخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں۔ قرآن پڑھنا ثواب‘ عمل کرنا ذریعہ نجات ہے۔ ادارہ نوائے وقت میں گزشتہ20 سال سے ختم قرآن پاک کی محفل کا انعقاد بہت بڑی سعادت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسجد نوائے وقت میں20ویں ختم قرآن پاک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حافظ محمد اصغر نے نماز تراویح میں ختم قرآن پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ حافظ محمد لقمان سامع تھے۔ ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت معروف نعت خواں شوکت سعیدی‘ عمران یوسف بھٹی اور رفیق قریشی نے حاصل کی۔ ختم قرآن پاک کی تقریب میں خالد جاوید مشہدی‘ سلیم ناز‘ رفیق بخاری‘ نوید شاہ‘ حافظ اللہ بخش‘ عثمان سرور سمیت کارکنان کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ نظامت کے فرائض عبدالمجید اویسی نے ادا کیے۔ تقریب میں حافظ محمد اصغر اورحافظ محمد لقمان کو تحائف پیش کیے گئے۔ آخر میں جناب مجید نظامی کے درجات کی بلندی‘ ملک کی سلامتی استحکام اور ادارہ نوائے وقت کی ترقی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔