ننکانہ صاحب: مذہبی تہوار جوڑ میلہ کی تقریبات، سکھ یاتری رسومات ادائیگی میں مصروف
ننکانہ صاحب (نامہ نگار) ننکانہ صاحب میں سکھوں کے مذہبی تہوار جوڑ میلہ کی تقریبات کا سلسلہ جاری، بھارتی سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتری اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مصروف ہیں، ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے انتظامات پر سکھ یاتریوں کی طرف سے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ ننکانہ صاحب میں سکھوں کے مذہبی تہوار جوڑ میلہ کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے گزشتہ روز جوڑ میلہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے 84 بھارتی سکھ یاتری پارٹی لیڈر سردار جنگ سنگھ کی قیادت میں گورودوارپنجہ صاحب (حسن ابدال) سے خصوصی ٹرین کے ذریعے ننکانہ صاحب پہنچے۔ سکھ یاتری ننکانہ صاحب میں تین روزقیام کریں گے اس دوران سکھ یاتری گورودواہ جنم استھان میں اپنی مذہبی رسومات جن میں شبد کیرتن ، اکھنڈ پاٹھ ، اشنان اور گورودواروں کی یاترا شامل ہیں کی ادائیگی میں مصروف ہیں سکھ یاتری آج 12جون کو سپیشل بسوں کے ذریعے گوردووارہ سچا سودا میں متھا ٹیکی کی رسم ادا کرنے کے لیے نواحی قصبہ فاروق آبادجائیں گے اور شام کو واپس گورودواہ جنم استھان پہنچ جائیںگے بھارتی سکھ یاتری جوڑ میلہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے 13جون کو گورودواہ ڈیرہ صاحب (لاہور) کو روانہ ہوجائیں گے۔