ملک میں کسی چیز کی کمی نہیں، صرف اچھی قیادت موجود نہیں: جسٹس(ر) وجیہہ الدین
لاہور (کلچرل رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی موومنٹ کے سیکرٹری اطلاعات سید ظہیرگیلانی نے گزشتہ روز ایک افطار پارٹی کا اہتمام کیاجس میں چیئرمین جسٹس(ر) وجیہہ الدین احمد‘ سینئر وائس چیئرمین چودھری محمد انور سیکرٹری جنرل سید منظور گیلانی‘ ایڈمرل ریٹائرڈ جاویداقبال سمیت متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی۔ جسٹس(ر) وجیہہ الدین احمد نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں کسی چیز کی کمی نہیں، کمی ہے تو صرف اچھی قیادت کی ہے۔ اس قیادت کے گیپ کو پر کرنے کیلئے ہم نے پاکستان پیپلز موومنٹ کے پلیٹ فارم سے اتحاد بنایا ہے۔ اس اتحاد میں شامل تمام جماعتیں اپنے اپنے انتخابی نشان پر الیکشن لڑیں گی اور جو ارکان منتخب ہوں گے وہ اسمبلیوں میں جاکر اپنا پارلیمانی گروپ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اتحاد پاکستان کے عوام کے مسائل حل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پاکستان پیپلزموومنٹ کے سیکرٹری جنرل سید منظورعلی گیلانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز موومنٹ میں کل 19جماعتیں شامل ہیں اور یہ جماعتیں اس لئے اکٹھی ہوئی ہیں کہ پاکستان کو صحیح معنوں میں قائداعظم کا پاکستان بنایا جائے۔ ملک میں آئین کی بالادستی قائم کی جائے، جاگیردارانہ اور قبائلی نظام کا خاتمہ کیا جائے‘ غیر جانبدار اور آزاد الیکشن کمشن کا قیام عمل میں لایا جائے‘ مربوط خارجہ پالیسی بنائی جائے‘ معاشی خود انحصاری کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی اقتصادی پالیسی مرتب کی جائے‘ بلاامتیاز احتساب کیا جائے‘ زراعت کو صنعت کا درجہ دیا جائے، کرپشن کے خاتمہ کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں، مقامی زبانوں کو فروغ دیا جائے اور سی پیک منصوبہ جلد مکمل کیا جائے۔