پاکستان عطیہ خداوندی، ہمیشہ قائم رہے گا: قاری زوار بہادر
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ پاکستان انشاء اللہ صبح قیامت تک قائم رہے گا اور اس کو توڑنے اور صفحہ ہستی سے مٹانے کا خواب دیکھنے والے خود نیست ونابود ہو جائیں گے اللہ تعالیٰ نے برصغیر کے مسلمانوں کو یہ وطن 27 رمضان المبارک کو عطاء فرمایا تھا۔انشاء اللہ اس کے دشمن ناکام ہوں گے اور یہ وطن دنیا کے نقشے پر ہمیشہ قائم رہے گا انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک کی باگ ڈور ایسے ہاتھوں میں رہی جو اس کی قدرو منزلت کو نہیں جانتے تھے ہمارے بزرگوں نے اس کے حصول کے لئے اس لئے قربانیاں دیں تھیں کہ یہاں رسول اللہ کا نظام نافذ ہو گا اور یہ روئے زمین پر ایک اسلامی فلاحی ریاست ہو گی مگر حکمرانوں نے اس کو اپنی ذاتی جاگیر سمجھ کر اس کو ایسا نوچہ کہ آج یہ جگہ جگہ سے زخم خوردہ ہے انہوں نے کہا کہ اب ایک بار پھر یوم پاکستان 27 رمضان المبارک کا آخری عشرہ ساتھ ساتھ موجود ہیں اس موقع پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم وطن عزیز کی عزت و ناموس ،اس کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت میں کسی قسم کا کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔