خواجہ حارث کی علیحدگی ”فرار“ ہے تحریک انصاف : کارکن ٹکٹوں پر شکایت بھجوائیں‘ ناانصافی نہیں ہونے دوں گا : عمران
اسلام آباد (آئی این پی+ آن لائن) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے میں جان بوجھ کر کبھی بھی اپنے کسی دیرینہ اور وفادار کارکن سے ناانصافی نہیں کروں گا، کارکن اپنی شکایات بھیجیں میں بذات خود ہر درخواست کا جائزہ لوں گا۔ پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا تحریک انصاف کے دیرینہ کارکنان کیلئے میرا پیغام ہے، اگر آپ میں سے کوئی سمجھتا ہے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے دوران اسے نظر انداز کیا گیا یا اس سے ناانصافی کی گئی تو وہ تحریک انصاف کے مرکزی دفتر کے پتے پر ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ارشد داد کو اپنی درخواست بھیجے۔ میں بذاتِ خود ہر درخواست کا جائزہ لوں گا اور اس کے مطابق کارروائی کروں گا۔ آن لائن کے مطابق تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے خواجہ حارث کی نیب ریفرنسز سے علیحدگی نیب ریفرنسز کی سماعت سے راہ فرار کی کوشش ہے۔سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے وکیل خواجہ حارث کے نیب ریفرنس سے علیحدہ ہونے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا نواز شریف کو سرکاری وکیل مہیا کیا جائے کےونکہ نواز شریف اور ان کے خاندان کے پاس عدالت میں پیش کرنے کےلئے کچھ نہیں، نواز شریف سزا سے بچنے کےلئے اس طرح کے بہانے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا 134 روز پہلے یہ مقدمہ سپریم کورٹ میں چلا، اب ٹرائل کورٹ میں چلا، خواجہ حارث کو مزید کتنا وقت چاہئے؟ کیا قیامت تک ٹرائل چلانا چاہتے ہیں؟فواد چوہدری نے کہا خواجہ حارث اور ان کی ٹیم بہانے بنا رہی ہے، ہمارا مطالبہ ہے نوازشریف کو سرکاری وکیل فراہم کیا جائے۔ترجمان پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا اس مقدمے کا فیصلہ نہیں آتا ہے تو یہ پاکستان کے نظام انصاف پر بڑا سوال ہو گا۔ صباح نیوز کے مطابق ملک میں بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ کے خلاف تحریک انصاف آج بروز منگل ملک گیر احتجاج کرے گی۔ اے این این کے مطابق تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے ہم دھرنے میں شرکت کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں ،ہم نے ایک ایک امیدوار کو پرکھ کر ٹکٹ جاری کئے، ہم نے ایک ٹیم تشکیل دے دی ہے جو ٹکٹوں کی تقسیم پر آنے والی شکایات کو دیکھے گی،پیپلز پارٹی سیاسی کھیل سے آو¿ٹ، تیر کمان سے نکلتا دکھائی نہیں دے رہا،شیر بھی بکری بن چکا، اب عمران خان کی باری ہے۔ملتان میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کےلئے ریٹرننگ آفیسر کے سامنے پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا آج نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش نہیں ہوئے، نواز شریف کے وکیل کیس میں تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں۔ میں نے این اے 156 ،پی پی 216 اور پی پی 217 میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔نیٹ نیوز کے مطابق فواد چودھری نے بدترین لوڈشیڈنگ اور شہبازشریف کے بیان پر دلچسپ تبصرہ کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا حکومت مدت ختم ہونے پر جاتے ہوئے شہبازشریف نے کہا تھا، اب ہم لوڈشیڈنگ کے ذمہ دار نہیں، بجلی تھی یا بریانی؟ جو جاتے ہوئے شاپر میں ساتھ لے کرچلے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا بجلی بنائی ہے تو آنی چاہیے۔ بجلی ایسی چیز نہیں سوٹ کیس میں رکھ کر لے جائیں۔ انہوں نے کہا خواجہ حارث کو پتہ ہے ان کے موکل لٹک گئے ہیں‘ اس لیے کیس لٹکا رہے ہیں، شریف خاندان کو نہ ڈھیل ملنی چاہیے نہ ڈیل۔
عمران/ ترجمان پی ٹی آئی