افغانستان :خودکش دھماکہ، طالبان کاحملہ،15 اہلکاروں سمیت 28 ہلاک
کابل( آن لائن ‘ سنہوا) افغان صوبہ قندوز میں چیک پوسٹ پر طالبان کے حملے میں 15 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق صوبہ قندوز میں چیک پوسٹ پر طالبان کے حملے کے نتیجے میں 15 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ طالبان نے سکیورٹی فورسز سے جھڑپوں کے دوران ملٹری ٹینکوں پر بھی قبضہ کرلیا۔ افغان میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 10 پولیس اہلکار اور 5 فوجی اہلکار شامل ہیں جب کہ حملے کے حوالے سے مقامی انتظامیہ اور افغان حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ آن لائن کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ صوبہ قندوز کے ضلع قالائے ذال میں طالبان نے اچانک ایک سکیورٹی چوکی پر دھاوا بول دیا۔ جھڑپ میں کم از کم دس افغان سکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہو گئے سکیورٹی فورسز نے اس موقع پر متعدد طالبان کو گرفتار بھی کر لیا ۔افغانستان کے شہر جلال آباد میں محکمہ تعلیم کی عمارت پر خودکش حملہ کیا گیا ہے، واقعے میں چاروں خودکش حملہ آور ہلاک جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔افغان خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار کے مرکزی شہر جلال آباد اس وقت دھماکے اور فائرنگ سے گونج اٹھاجب خودکش حملہ آوروں نے محکمہ تعلیم کی عمارت کو نشانہ بنایا۔عینی شاہدین کے مطابق 4 خودکش حملہ آوروں نے محکمہ تعلیم کی عمارت پر حملہ کردیا جن میں سے ایک نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، اس دوران سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے دیگر تین حملہ آوروں کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔واقعے میں 10 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں مقامی اسپتال طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا ہے۔
افغان صوبہ قندوز