سانحہ صفورہ کے مجرموں کی سزائے موت کیخلاف اپیل کی سماعت
کراچی (وقائع نگار) سندھ ہائیکورٹ نے سانحہ صفورا میں فوجی عدالت کی سزائے موت کے خلاف دہشت گردوں کی اپیلوں کی سماعت 16 اگست تک ملتوی کر دی ہے۔ پیر کو سندھ ہائی کورٹ میں سانحہ صفورا میں سزائے موت پانے والے ملزمان کی اپیلوں کی سماعت ہوئی جہاں دوران سماعت دلائل دیتے ہوئے سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ مجرموں کو ملٹری کورٹ سنگین جرم میں سزا سنائی ہے، ملٹری کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں دائر کی جاسکتی ہے، ملزمان کے وکیل کے جونیئر کی جانب سے درخواست دی گئی جس میں کہا گیا کہ مجرموں کے وکیل حشمت حبیب ایڈووکیٹ بیمار ہیں پیش نہیں ہوسکتے، جس پر عدالت نے مجرموں کو وکیل پیش ہونے کے لیے آخری مہلت دیتے ہوئے اپیلوں کی مزید سماعت 16 اگست تک ملتوی کر دی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ مجرموں کے وکیل آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو قانون کے مطابق حکم نامہ جاری کر دیں گے۔ عدالت نے فریقین کو تیاری کر کے پیش ہونے کا حکم دیا۔