پاک بحریہ کے سالانہ سیفٹی ریویو برائے سال 2017ء کا انعقاد
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کا سالانہ سیفٹی ریویو برائے سال 2017 آج بحریہ آڈیٹوریم میں منعقد کیا گیا، چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پاک بحریہ کا سیفٹی ریویو ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں پاک بحریہ میں لاگو کئے جانے والے حفاظتی سٹینڈرڈز کا جائزہ لیتے ہوئے سیفٹی کلچر کی اہمیت کو اجاگر کیا جاتا ہے۔ تقریب سے خطاب کے دوران چیف آف دی نیول سٹاف نے کہا کہ پاک بحریہ کے موجودہ سیفٹی سٹینڈرڈز تک پہنچنے میں ہماری بہت سی کاوش اور محنت شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیفٹی کے حوالے سے پاک بحریہ کے اہلکاروں کے رویوں میں بہتری اورکام کی جگہ کو محفوظ بنانے کا عمل اگرچہ ارتقائی مرحلے میں ہے تاہم پاک بحریہ میں روز مرہ بنیادوں پر پیچیدہ مگر محفوظ بحری آپریشنز کی خوش اسلوبی سے تکمیل سے واضح طور پر عیاں بھی ہے۔ البتہ یہ ایک مسلسل عمل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سال2018 میں قدم رکھتے ہوئے ہمارے سیفٹی سے متعلق تصوارت کا قیام گزشتہ برس کے غیر جانبدارانہ جائزے پر مبنی ہونا چاہئے۔ تقریب کے اختتام پر چیف آف دی نیول سٹاف نے جیتنے والی یونٹس اور جہازوں میں سیفٹی ٹرافیاں اور ایوارڈ بھی تقسیم کئے۔