ٹھٹھہ: میونسپل کے 2 ملازمین نے تنخواہ نہ ملنے پر خود کو آگ لگا لی
ٹھٹھہ (بیورو رپورٹ) تین ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پر میونسپل ٹھٹھہ کے دو ملازمین نے پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی‘ ایک شدید زخمی نازک حالت میں کراچی روانہ کر دیا گیا۔ میونسپل کے 300 ملازمین کو گزشتہ تین ماہ سے تنخواہ نہیں ملی ہے‘ ملازمین کئی روز سے تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج کر رہے ہیں پیر کے روز دو ملازم اصغر شاہ عرف بابلا شاہ اور شاہجہاں شاہ ٹی ایم اے سے آفس میں ملنے گئے اور تنخواہ کا مطالبہ کیا اس دوران ٹی ایم اے خلیفو نظیر احمد نے اُن کو دھکے دے کر آفس سے نکال دیا جس پر ملازمین نے اپنے آپ پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا کر خودسوزی کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران ایک ملازم اصغر شاہ جس کے کپڑوں کو آگ لگی ہوئی تھی‘ اُس نے ٹی ایم اے کو پکڑ لیا جس سے ٹی ایم اے کے ہاتھ بھی آگ کی لپیٹ میں آ گئے۔ دونوں زخمیوں اصغر شاہ اور شاہجہاں شاہ کو سول ہسپتال لایا گیا جہاں سے اصغر شاہ کو تشویشناک حالت کے پیش نذر کراچی روانہ کر دیا گیا۔