مسلسل دوسری مرتبہ مدت مکمل کرنا جمہوریت کا استحکام ہے، گورنر سندھ
کراچی( وقائع نگار) گورنرسندھ محمد زبیر نے گورنرہائوس میں سبکدوش وزیرا علیٰ سندھ سید مرا د علی شاہ اورکابینہ اراکین کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا۔ افطار ڈنر میں نگراں وزیر اعلی ٰسندھ فضل الرحمان ،نگراں کابینہ کے اراکین ،مختلف ممالک کے سفارتکاروں ، میئر کراچی وسیم اختر ، ڈپٹی میئر ارشد وہرہ ، کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا ، ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز میجر جنرل محمد سعید ، کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئر مین ریئر ایڈمرل جمیل اختر ، کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل معظم الیاس ،ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر ،صوبہ کی مختلف جامعات کے وائس چانسلرز جن میں ڈائو یونیورسٹی کے وائس چانسلر سعید قریشی ، جامعہ کراچی کے محمد اجمل خان ، این ای ڈی کے سروش حشمت لودھی ، سندھ مدرستہ الاسلام کے محمد علی شیخ،لیاری یونیورسٹی کے اختر بلوچ ، لاء یونیورسٹی کے قاضی خالد سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل دوسری مرتبہ مدت مکمل کرنا جمہوریت کا تسلسل اور استحکام ہے ، جب سے میں گورنرہوں اس دوران صوبائی حکومت سے مختلف معاملات پر اختلاف رہا لیکن صوبہ کی تعمیر میں مل کر کام کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ حکومت پانچ برس مکمل کرکے خوشگوار جمہوری روایات کے مطابق اقتدار سے سبکدوش ہو ئی جس سے عوام کا جمہوریت پر اعتماد مزید مستحکم ہو گیا ہے ، جمہوریت کے تسلسل سے پاکستان اہم سنگ میل عبور کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دوسروں صوبوں کے مقابلہ میں سندھ میں متفقہ نگراں سیٹ اپ کی تشکیل پر گذشتہ حکومت میں حزب اقتدار اور حزب اختلاف کی جماعتیں مبارک باد کی مستحق ہیں کیونکہ انہوں نے جمہوری عمل کے عین مطابق باہمی افہام و تفہیم سے نگراں سیٹ اپ تشکیل دیا۔ سابق وزیرا علیٰ سندھ سید مراد علی نے کہا کہ گورنرسندھ کی جانب سے سبکدوش حکومت کے اراکین کو افطارڈنر کی دعوت دینا صحت مندانہ روایت ہے ، سبکدوش صوبائی حکومت نے بلا تفریق عوام کی خدمت کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے ، صوبہ کی تعمیر و ترقی کے لئے مل کر کام کرنے سے عوام کو سہولیات حاصل ہوئی ہیں ، جمہوریت میں عوامی مفاد سب سے مقد م ہوتا ہے ہر ایک اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور عام آدمی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات جمہوریت کے ثمرات ہیں۔
گورنر سندھ