ڈاکٹر جنید علی شاہ کیلئے بہترین اسپورٹس آرگنائزر کا عالمی ایوارڈ
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)اسپورٹس جرنلٹس کی عالمی تنظیم نے سندھ کے صوبائی وزیر کھیل اور سجاس کے پیٹرن ڈاکٹر جنید علی شاہ کو بہترین اسپورٹس آرگنائزر کا عالمی ایوارڈ دینے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن سندھ(سجاس) نے اپنے پیٹرن ڈاکٹر جنید علی شاہ کے دوسری بار نگراں وزیر بننے پر ایک تقریب پذیرائی کا انعقاد کیا۔تقریب میں سجاس صدر۔طارق اسلم۔۔سینئر نائب صدر زبیر نذیر خان۔نائب صدور۔عبید اعوان۔شاہد علی خان۔سیکریٹری فنانس ارشاد علی۔ مجلس عاملہ کے ارکان شاہد ساٹی۔جاوید اقبال۔ نادرہ مشتاق۔آصف خان۔فیضان لاکھانی۔ یاور عباس۔شاہد انصاری۔ارشد وہاب اور احسان خان۔ پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے سینئر نائب صدر سید نصر اقبال۔اولمپیئن وسیم فیروز۔نصرت فہیم سمیت سجاس کے ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سجاس کے سیکریڑی اصغر عظیم نے اے آئی پی ایس کا خط ڈاکٹر جنید کو دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اسپورٹس جرنلسٹس کی عالمی تنظیم اے آئی پی ایس ایشیا نے ڈاکٹر جنید علی شاہ کو پاکستان کا بہترین اسپورٹس آرگنائزر قرار دیا ہے۔ڈاکٹر جنید کو بہترین آرگنائزر کا عالمی ایوارڈ رواں برس نومبر کے پہلے ہفتے میں کراچی میں منعقدہ انٹر نیشنل ینگ اسپورٹس جرنلسٹس ورکشاپ کے موقع پر دیا جائے گا۔ورکشاپ میں 20 ممالک کے اسپورٹس جرنلسٹس شریک ہونگے۔اس موقع پر شاندار تقریب اور عالمی ایوارڈ کو اپنے لیئے سرپرائز قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر جنید علی شاہ نے کہا کہ کھیلنا اور کھیلوں کی خدمت کرنا میرا جنون ہے۔میرے دروازے تمام کھلاڑیوں۔آرگنائزر اور اسپورٹس جرنلسٹس کے لیئے کھلے ہیں۔عالمی تنظیم کا بہترین اسپورٹس آرگنائزر کے ایوارڈ کا اعلان پاکستان اور میرے لیئے ایک اعزاز ہے۔