اسلام آباد (جی این آئی) پاکستان نے اس امر کا اعادہ کیا ہے کہ وہ تمام تصفیہ طلب مسائل بالخصوص تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لئے بھارت کے ساتھ پائیدار اور نتیجہ خیز مذاکراتی عمل کا خواہاں ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ پاکستان ہر ممکنہ طور پر جلد مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے کیونکہ یہ دونوں ممالک اور خطہ کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ضروری ہے۔ ان اطلاعات پر کہ امریکہ نے بھارت کو پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کے لئے کہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مذاکرات کی بحالی کے لئے کوئی بھی معاونت حوصلہ افزا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ روس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں لیکن دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان کوئی ملاقات طے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ممبئی حملوں کی مذمت کی تھی اور وہ جرم کے مرتکب عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی اپیل پر 543 ملین ڈالر کے وعدوں میں سے عالمی ادارہ کو ابھی تک رقم کا 24 فیصد ملا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ ایس سی او سربراہ اجلاس کے موقع پر صدر زرداری اپنے روسی ہم منصب اور دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، وہاں خطہ کی صورتحال پر غور کے لئے افغانستان پاکستان اور روس کے صدور کا سہ ملکی اجلاس بھی ہوگا۔ ایک اور سوال پر ترجمان نے کہا کہ برطانیہ میں حراست میں لئے جانے والے طالب علموں میں سے ایک اپنی مرضی سے وطن واپس پہنچ گیا ہے، پاکستان ان دیگر طالب علموں کو قانونی معاونت فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے قتل کی چھان بین کے لئے کمیشن کی تشکیل مکمل ہوگئی ہے اور وہ جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔
بانی تحریکِ انصاف کو "جیل کی حقیقت" سمجھانے کی کوشش۔
Apr 19, 2024