مسائل کا حل ہمارا مشن ہے‘ صوبائی بجٹ غریب آدمی کی ضروریات کا آئینہ دار ہوگا : شہباز شریف
لاہور(خبرنگارخصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی، غربت، جہالت، بیروزگاری کا خاتمہ، عوام کو سستے انصاف کی فراہمی اور ان کے مسائل کا حل ہمارا مشن ہے۔ آئندہ صوبائی بجٹ غریب آدمی کی ضروریات کا آئینہ دار ہوگا۔ تعلیم،صحت کے ساتھ ساتھ صوبے میں زرعی صنعتی شعبے کی ترقی کیلئے بھی ٹھوس اقدامات کئے جائینگے۔ بجٹ میں پسماندہ اور کم ترقی یافتہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور اس مقصد کیلئے زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کئے جائینگے۔ مستحق بچوں کو مختلف فنون میں تربیت دیکر خاندانوں کی خود کفالت کرنے کے قابل بنایا جائیگا۔ سستی روٹی جیسے فلاحی منصوبے آئندہ بھی جاری رہیں گے۔ مصیبت کی گھڑی میں پوری قوم سوات آپریشن سے متاثرہ بھائیوں کے ساتھ ہے حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو‘ سائوتھ ایشیا کے صحافیوں کی تنظیم سیفما کے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ وزیراعلیٰ سے رکن قومی اسمبلی بلال یٰسین کی قیادت میں وفد نے ایوان وزیراعلیٰ میں ملاقات کی اور متاثرین سوات کیلئے 14 لاکھ 60 ہزار روپے کا چیک پیش کیا۔ شہباز شریف سے ہیوسٹن (امریکہ) سے آئے ڈاکٹر رحمت علی جاوید اور طاہر جاوید نے بھی ملاقات کی اور متاثرین کیلئے 25 لاکھ روپے کا چیک دیا۔ وزیراعلیٰ سے ارکان اسمبلی ڈاکٹر فرخ جاوید، شوکت منظور چیمہ اور خادم وٹو نے بھی ملاقات کرکے متاثرین کو 13 لاکھ مالیت کا چیک دیا۔ ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ زراعت کو ہماری معیشت میں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ آئندہ برس کے لئے گندم کی خریداری کے نظام کو مزید فول پروف بنانے اور محکمہ خوراک کو بدعنوان اور نااہل اہلکاروں سے پاک کرنے کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو اپنی سفارشات دو ماہ میں پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والے غریب خاندانوں کی مستقل بحالی کیلئے ان کے بچے اور بچیوں کو ہنرمند بنانے کے لیے بھی جامع تربیتی پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔ صوبے بھر میں بڑے شہروں کی طرز پر دانش سکولوں کے قیام کے علاوہ چار ہزار سکولوں میں کمپیوٹر لیب بھی مہیا کی جارہی ہیں۔