ملک کی تیز ترقی کے لئے مواصلاتی نظام اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے.ڈاکٹر عارف علوی
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کی تیز ترقی کے لئے مواصلاتی نظام اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وہ کراچی میں یونیورسل سروس فنڈ اور پی ٹی سی ایل کے درمیان تیز رفتار براڈ بینڈ سروسز کے لئے نوشہرو فیروز،بینظیر آباد اور خیرپور میں سات سو کلو میٹر آپٹیکل فائبر بچھانے کے لئے معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر نے کہا کہ طلبا کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم دی جانی چاہئے جو ملک کی حقیقی قوت ہیں اور ترقی میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ڈیجیٹل معیشت فروغ پا رہی ہے اور پاکستان میں اس پر تیزی سے کام جاری ہے جس سے ملک میں آئندہ دنوں میں مزید راہیں کھلیں گی۔