ہاؤسنگ و تعمیراتی شعبے کیلئے حکومتی پیکیج
وزیراعظم عمران خان نے ہاؤسنگ و تعمیرات کے شعبہ کی ترقی کے لیے مراعات و سہولتوں کا اعلان کرتے ہوئے ’’نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے لیے 30 ارب روپے کی سبسڈی مختص کر دی جبکہ 5 مرلہ مکان پر قرض کی صورت میں سود پانچ فیصد اور 10 مرلہ مکان پر سات فیصد ہو گا،گھر کی خریداری یا تعمیراتی شعبہ میں سرمایہ کاری پر ذرائع آمدن نہیں پوچھے جائیں گے، مراعاتی پیکج سے 31 دسمبر تک استفادہ کیا جا سکتا ہے۔‘‘ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے پہلے دن سے ہی عمران خان عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کی تڑپ دل میں لیے ہوئے ہیں اور اسی جذبے کی تکمیل کے لیے وہ مختلف شعبوں کو ریلیف دے رہے ہیں، ہاؤسنگ اور تعمیراتی شعبے کے لیے ریلیف پیکج اسی سلسلے کی کڑی ہے تاہم اس اعلان کی روح کے مطابق عملدرآمد کے لیے انتظامی مشینری کو پوری طرح متحرک کرنا ہو گا جبکہ ریلیف پیکج اور سبسڈی کو ماضی کی طرح کی ’’میگا کرپشن‘‘ کی نذر ہونے سے بچانے کے لیے کڑی نظر رکھنا ہو گی تا کہ ریلیف پیکج سے عوام بھرپور مستفید ہوں۔ اس حوالے سے قواعدو ضوابط پر یقینی عملدرآمد کے لیے بھی اقدامات کرنا ہونگے۔