کرونا کیخلاف احتیاطی تدابیر جاری رکھنے کی اشد ضرورت
کرونا مریضوں اور اس سے اموات میں اگرچہ کافی حد تک کمی واقع ہو چکی ہے اور رواں ماہ جولائی اس حوالے سے کافی حوصلہ افزا جا رہا ہے‘ تاہم حفاظتی اور احتیاطی تدابیر پر مزید سختی سے عملدرآمد کی ضرورت ہے کیونکہ اب تک مریضوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 45 ہزار سے زائد ہو جانے کے باعث اٹلی سے زیادہ ہو چکی ہے اور اموات بھی 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہیں۔ ایسی صورتحال میں کسی بھی لمحہ غیر سنجیدگی اور بے احتیاطی کا مظاہرہ نہیں ہونا چاہئے بلکہ حفاظتی تدابیر اور’’ ایس او پیز‘‘ پر پہلے سے زیادہ سختی کے ساتھ عملدرآمد کی ضرورت ہے تاکہ رب کریم کے فضل و کرم سے اس وباء کا خاتمہ اور وطن عزیز سمیت تمام دنیا محفوظ و مامون ہو، معمولات اور معاملات زندگی دوبارہ عروج پائیں۔