سپیشل سیکرٹری ایگریکلچر کا دورہ غلہ و سبزی منڈی‘ وردی نہ پہننے پر انسپکٹر‘ 2 سب انسپکٹر معطل
ملتان(نمائندہ خصوصی)سپیشل سیکرٹری ایگریکلچر مارکیٹنگ پنجاب وقار حسین ملک نے غلہ منڈی اور سبزی و فروٹ منڈی کے اچانک دورہ کے موقع پریونیفارم نہ پہننے پر مارکیٹ کمیٹی کے ایک انسپکٹر اور 2 سب انسپکٹر کو معطل کر دیا۔معطل ہونے والوں میں انسپکٹر محمد ارشد اور سب انسپکٹرز شوکت رضا اور قمر عباس شامل ہیں۔سپیشل سیکرٹری نے غلہ منڈی اور سبزی و فروٹ منڈی کا معائنہ بھی کیا۔چئیرمین مارکیٹ کمیٹی اکرم چاون اور سیکرٹری اعجاز سلیم انکے ہمراہ تھے۔سپیشل سیکرٹری وقار حسین ملک نے سبزی منڈی میں صفائی کے نظام کو موثر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ سبزی و فروٹ منڈی میں سڑکوں پر ٹھیلے اور تھڑوں کی شکل میں تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور منڈی میں پھڑیوں کو سڑکوں پر دوکانیں لگانے کی بالکل اجازت نہ دی جائے،انہوں نے کہا کہ سبزی اور پھلوں کی آکشن کو حقیقی معنوں میں مانیٹر کیا جائے،مارکیٹ کمیٹی کی ریکوری کو بہتر بنایا جائے،سپیشل سیکرٹری نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹی کے سٹاف کو یونیفارم پہننے کا پابند بنایا جائے،سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اعجاز سلیم نے اس موقع پر بریفنگ دی۔