تاجربرادری کل کراچی تا خیبر شٹر ڈائون ہڑتال کرے گی، پاکستان ٹریڈرز الائنس
راولپنڈی (عزیز علوی) پاکستان ٹریڈرز الائنس کے مرکزی نائب صدر ارشد محمود اعوان ، صدر پرانا قلعہ یونین شیخ پرویز مقبول ،مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کے نائب صدر ملک ساجد محمود، انجمن تاجران رجسٹرڈ کینٹ کے جنرل سیکرٹری چوہدری عمران رشید ، مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری غلام قادر میر ، مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کے پریس سیکرٹری ذوالفقار چوہدری نے کہا ہے کہ نئے مالی سال 2019 . 20 کے قومی بجٹ میں حکومت نے 750 ارب روپے کے نئے ٹیکس لگائے ہیں جبکہ سیلز ٹیکس ہر سطح کے تاجر اور دکاندار پر لگا کر نہ صرف ملک میں مہنگائی کا طوفان کھڑا کردیا ہے بلکہ فیکٹری میں سیلز ٹیکس دینے کے باجود پرچون تک سیلز ٹیکس کی ادائیگی کی شرط سمجھ سے بالاتر ہے حکومتی اقدامات سے ٹیکسوں کا سارا بوجھ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی تاجر برادری پر ڈال دیا گیا ہے تاجر ملک کی معاشی ترقی کی ضمانت ہیں لیکن اب تو تاجر ہی مار دیا گیا ہے مجبوراً13 جولائی کو کوئٹہ ، کراچی سے لے کر خیبر تک تاجر شٹر ڈائون کریں گے جس کے بعد حکومت کا ردعمل دیکھیں گے لیکن اگر حکومت ٹس سے مس نہ ہوئی تو پھر ملک بھر کے تاجر نمائندوں کا اجلاس ہوگا جس میں غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کا آپشن لیا جائے گاایوان وقت میں اظہار خیال کرتے ہوئے تاجر رہنمائوں نے کہا کہ تاجر برادری ملک بھر میں پرامن طریقے سے اپنے کاروبار پر توجہ دیتی ہے تاکہ ملکی معیشت کا پہیہ چلتا رہا لیکن عام ادکاندار کیلئے بھی یہ شرط رکھ دی گئی ہے کہ جو بھی وہاں سے 50 ہزار روپے سے زیادہ کی خریداری کرے تو اس خریدار کا شناختی کارڈ نمبر لیا جائے شادی بیاہ کی خریداری میں تو جوتوں کی خرید ہی 50 ہزار سے زیادہ ہو جاتی ہے عام آدمی بالخصوص خواتین کیسے اپنے شناختی کارڈ کے نمبر درج کرائیں گی یہ شرط فوری واپس لی جائے جبکہ چھوٹے تاجر کیلئے فکس ٹیکس مقرر کیا جائے ۔