کل ہڑتال ، تاجر تنظیمیں تقسیم ہو گئیں، ٹریڈرز الائنس نے مؤخر کر دی
لاہور( کامرس رپورٹر+ نمائندہ خصوصی )حالیہ بجٹ میں ٹیکسز کے نفاذ کے خلاف 13جولائی کو شٹر ڈائون ہڑتال کی کال پر تاجر تنظیمیں تقسیم ہو گئیں ، ٹریڈرز الائنس نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے کامیاب مذاکرات کے بعد 13جولائی کی ہڑتال موخر کر دی جبکہ آل پاکستان انجمن تاجران نے کہا ہے کہ ہمارے مطالبات وفاق سے متعلقہ ہیں صوبائی وزیر کیسے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کر اسکتا ہے ،13جولائی کی ہڑتال کا فیصلہ اٹل ہے اور عزت دار تاجر اعلان کے مطابق ہڑتال کریں گے۔ پنجاب حکومت اور تاجر تنظیموں کے درمیان سات گھنٹے تک طویل مذاکرات کامیاب ہوئے۔ تاجر تنظیموں کے رہنمائوں نے میاں اسلم اقبال نذیر احمد چوہان کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے ہمارے تمام مطالبات مان لیے ہیں لہٰذا اب ہڑتال کا کوئی جواز نہیں۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ تمام جائز مطالبات کو مانا گیا ہے اور بعض مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مخالف تنظیمیں پراپیگنڈا کر رہی ہیں کہ شناختی کارڈ ہر خریدار سے طلب کیا جائے گاحالانکہ یہ شرط صرف مین ڈیلر کے لیے ہے۔ عام دکاندار اور گاہک کے لیے نہیں۔ حکومت چھوٹے دْکانداروں پر کوئی ٹیکس نہیں لگا رہی اور نہ ہی اس بارے میں سوچا جا رہاہے۔جیولرز ایسوسی ایشنز کے لیے ٹیکس کا علیحدہ نظام ان کی مشاورت سے لائیں گے ابھی کسی چیز کا اِن پر اطلاق نہیں ہوتا۔ ایف بی آر مارکیٹوں میں چھاپے نہیں مارے گا اور نہ ہی کسی کا اکائونٹ منجمد کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت نہیں بڑھے گی جو قیمت 2018 ء میں تھی وہی قیمت یعنی 20 آٹے کا تھیلہ 770 روپے میں ملے گا۔ اس مقصد کے لیے حکومت کو جتنی بھی سبسڈی دینا پڑی دے گی۔ آٹے کی قیمت کو کسی صورت بڑھنے نہیں دیں گے۔ 42 ارب روپے کی سبسٹڈی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء ضروریہ کی سستے داموں فراہمی پر اگر حکومت اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے تو قیمتوں پر نظر رکھنا بھی حکومت کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھی پر وفاقی حکومت نے جو دو سے سات فیصد ٹیکس لگایا تھا یہ ٹیکس واپس لینے کے لیے سمری وزیر اعظم کو بھیج دی گئی ہے اور یہ ٹیکس بھی انشاء اللہ واپس ہوگا اور گھی کی قیمت بھی کم ہوگی۔ سیمنٹ، گھی ، چینی پر ٹرن آور ٹیکس میں بھی کمی کی گئی ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت ورثے میں ملنے والے معاشی بحران کو ٹھیک کرنے کے لیے مخلصانہ کاوشیں کر رہی ہے اور ہم اس میں انشاء اللہ ضرور کامیاب ہونگے۔ قبل ازیں حکومت اور آل پاکستان انجمن تاجران (اشرف بھٹی گروپ )کے مرکزی صدر اشرف بھٹی آل پاکستان انجمن تاجران ( نعیم میر گروپ ) کے سیکرٹری جنرل نعیم میر نے تاجروں کے ایک دھڑے کے حکومت سے مذاکرات کے حوالے سے کہا ہے کہ ہمارے مطالبات وفاق کے ساتھ تھے ، ایک صوبائی وزیر ہمارے مسائل کا حل کیسے کرسکتا ہے۔علاوہ ازیںآل پاکستان ماربل اینڈ گرے نائیٹ انڈسٹری ایسوسی ایشن آف پاکستان کی کال پر آج ( جمعہ )2:30بجے ماربل مارکیٹ شاہ جمال چوک اچھرہ میں ٹیکسوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ گوجرانوالہ آئرن سٹیل ٹریڈرز ایسوسی ایشن چیمبر آف کامرس ون یونٹی گروپ تاجر تنظیموں نے بھی کل ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔