حکومت ختم نبوت سمیت اسلامی قوانین کے تحفظ کیلئے پر عزم ہے،فروغ نسیم
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ حکومت ختم نبوت سمیت اسلامی قوانین کے تحفظ کیلئے پر عزم ہے اور اس حوالے سے ہرقسم کی سازش کو ناکام بنا دیا جائیگا, اسلام اور پاکستان ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں اور پاکستان کا معرض وجود میں آنا دو قومی نظرئے کا ہی نتیجہ ہے۔ان خیالات اکا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں وحدت امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر قانون نے کہا کہ وزیر اعظم سمیت پوری کابینہ اور حکومت اسلامی قوانین کا تحفظ کرے گی،اسلام اور پاکستان ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں اور پاکستان کا معرض وجود میں آنا دو قومی نظرئے کا ہی نتیجہ ہے۔ وزیر قانون نے کہا کہ موجودہ دور میں علمائے کرام کو جدید علوم سے بھی بہرہ مند ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جب مسلمانوں نے علم پر توجہ دی توپوری دنیا پر حکومت کی اور جب مسلمانوں نے علم کو چھوڑ دیا تو پستی میں آگرا،انہوں نے کہا کہ علمائے کرام معاشرے سے انتشار کے خاتمے میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔ قرآن و سنت پر عمل کرکے اختلافات پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ ہمیں متحد ہوکر ہی ملکی ترقی مین اپنا کرار ادا کرنا ہوگا۔ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل حالات میں پاکستان کی مدد کی ہے۔ انہوںنے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرا دین اور پاکستان لازم و ملزوم ہے، کچھ لوگ کہتے ہیں کہ پاکستان کو فلاں فلاں خطرہ ہے، پاکستان کی حفاظت بھی خدا خود کرے گا،جب ابرحہ نے مکہ پر حملہ کیا تھا تع اللہ نے خود اپنے گھر کو بچایا تھا، پاکستان کا معمار مولوی ہے، اگر خدانخوانستہ کبھی ختم نبوت قوانین میں ٹمپرنگ کی کوشش کی گئی تو سب سے پہلے میں استعفیٰ دے دونگا، اگر کوئی ایسی کوشش کی گئی تو بھرپور مزاحمت کریں گے ، ریاست پاکستان سے اسلام نکال دیا جائے تو ہندوستان سے الگ ہونے کا کوئی جواز نہیں رہ جاتا، وزیر اعظم عمران خان کی بھی ایسی ہی سوچ ہے، مولانا عبدالکلام کی سوچ کو ہندوستان میں شکست دے دی گئی ہے، آج ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ مل کر کھڑی ہے، سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ ہمیشہ پیار کا اظہار کیا،سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل حالات میں پاکستان کی مدد کی ہے۔وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری ،قائم مقام فلسطینی سفیر ، سعودی سفارتخانہ کے نمائندے ، پیر نقیب الرحمن ، پروفیسر ذاکر الرحمن صدیقی ، مولانا پیر اسد اللہ فاروق، مولانا قاضی مطیع اللہ سعیدی، مولانا ابو بکر صابری،مولانا اسید الرحمن سعید، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا نعمان حاشر، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا مفتی حفیظ الرحمن ،مولانا شہباز احمد، مولانا قاسم قاسمی ،مولانا الیاس مسلم اور دیگر نے کہا کہ امت مسلمہ کے مسائل کے حل کیلئے علماء و مشائخ کو بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔