آبادی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے مشترکہ کوشش کرنا ہو گی ، ظفر مرزا
اسلام آباد(نا مہ نگار)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ آبادی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے مشترکہ کوشش کرنا ہو گی جس میں عام شراکت داروں کو ہر سطح پر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ان خیالات اظہار انہوں نے کہا کہ عالمی یوم آبادی کے موقع رپ منعقدہ قومی سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سمینار سے برطانوی امدادی ادارہ ڈی ایف آئی ڈی پاکستان کے نائب سربراہ کیمی ولیمز ودیگر نے بھی خطاب کیا،سیمینار کا اہتمام وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ،ریگولیشن و کوآرڈینیشن ،برطانوی ہائی کمیشن اور یو این ایف پی اے کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے اعلی سطحی سیاسی عزم موجود ہے بڑھتی ہوئی آبادی کے حوالے سے فیڈرل ٹاسک فورس کی صدارت وزیر اعظم پاکستان کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سال عالمی یوم آبادی کو آئی سی پی ڈی کی 25سالہ کارکردگی کے لحاظ سے منایا جا رہا ہے،پاکستان میں ہر سال ملک کی آبادی میں 2اعشاریہ 4فیصد اضافہ ہو رہا ہے،تیزی سے بڑھتی آبادی پر قابو پانے کے لیے پاکستان کی سست روی زچہ و بچہ کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں،ہر سال 90لاکھ خواتین بچوں کی پیدائش کے عمل سے گزرتی ہیں، 40لاکھ خواتین نا چاہتے ہوئے بھی حمل کے مراحل سے گزرتی ہیں، آبادی پر قابو پانے کے لیے حکومت 8تجاویز پر غور کر رہی ہے، سیکرٹری ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے کہا کہ ہمیں آج کے دن آبادی کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے بھر پور کوشش کرنے کا عہد کرنا ہو گا انہوں نے کہا ان کی وزارت نے اس حوالے سے قومی ایکشن پلان صوبوں کے ساتھ مل کر تیار کیا ہے اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ آبادی کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے بھر پور تعاون کیا جا رہا ہے۔