ججز کیخلاف صدارتی ریفرنس جوڈیشل کونسل کا اجلاس آج ہوگا
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسی اور سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس کے کے آغا کے خلاف صدارتی ریفرنس کے معاملے پر سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس آج ہوگا جبکہ پاکستان بار کونسل سپریم کورٹ میں دھرنا دے گی ملک بھر سے وکلاء احتجاجی دھرنا میں شریک ہونگے۔۔ذرائع کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل نے اٹارنی جنرل انور منصور خان کو نوٹس جاری کرکے ان سے جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس کے کے آغا کے جواب پر جوالجواب طلب کر رکھاہے۔ذرائع کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل کے دو جولائی کے اجلاس کے موقع پر جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس کے کے آغا کی طرف الگ الگ جواب جمع کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسی نے اعلی عدلیہ کے ججوں کا مواخذہ کرنے والے فورم سپریم جوڈیشل کونسل کو تحریری جواب میںاستدعا کی ہے کہ ان کے جواب کو عام کیا جائے۔ذرائع کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسی نے اپنے جواب کے ساتھ کونسل سے درخواست کی ہے کہ ان کے موقف اور صدارتی ریفرنس پر پیش کیے گئے دفاع کو پبلک کیا جائے تاکہ عام لوگ پڑھ سکیں۔جواب کو مفاد عامہ کے لیے سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر شائع کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔علاوہ ازیں جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس کے کے آغا کیخلاف ریفرنس میں سپریم جوڈیشل کونسل کی ازسر نو تشکیل کا معاملہ پردرخواست گزار کرنل ر انعام الرحیم نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کیخلاف چیمبر اپیل سپریم کورٹ میں دائر کر دی ، یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے آئینی درخواست اعتراض لگا کر واپس کر دی تھی اعتراضات میں قانون کے مطابق متعلقہ فورم استعمال نہ کرنے اور براہ راست سپریم کورٹ میں درخواست جمع کرانے کا اعتراض لگایا گیا تھا۔درخواست گزار کرنل (ر) انعام الرحیم نے چیمبر اپیل دائر کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی ہے کہ انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے درخواست سماعت کیلئے مقرر کی جائے۔