لاہور میں شرح جرائم میں مسلسل کمی مثبت علامت ہے:سی سی پی او
لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے کہا ہے کہ لاہور میں شرح جرائم میں مسلسل کمی مثبت علامت ہے۔ یہ سب کچھ ٹیم ورک اور پیشہ ورانہ عزم کا نتیجہ ہے۔ لاہور سے تبدیل ہو کردیگر اضلاع میں ڈی پی او تعینات ہونے والے ایس پی سی آئی اے عثمان باجوہ اور ایس پی سکیورٹی فیصل شہزاد کے اعزاز میں الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ لاہور میں کرائم ریٹ میں کمی آ رہی ہے۔ اس کے باوجود بین الاقوامی سطح پر کرائم ریٹ میں کمی آنے کا اعتراف لاہور پولیس کی کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔ واضح رہے کہ بین الاقوامی کرائم انڈیکس میں ایک روز کے وقفے سے لاہور کے گریڈ میں ایک درجے کی مزید بہتری آئی ہے۔ بدھ کو لاہور کا کرائم ریٹ کے حوالے سے دنیا کے شہروں میں نمبر 213 تھا جو ایک روز بعد 214 ہوگیا ہے۔ انہوں نے ورلڈ کرائم انڈیکس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2018 میں اسی انڈیکس میں لاہور کرائم کے حوالے سے 138 نمبر پر تھا۔