ناقص کارکردگی پر کوئی معذرت قابل قبول نہیں، دوسرا ٹیسٹ جیتنے کیلئے پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے، تمیم اقبال
کنگسٹن(اے پی پی) بنگلہ دیشی ٹیم کے سینئر بلے باز تمیم اقبال نے کہا ہے کہ کالی آندھی کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میں شکست حیران کن تھی، کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی پر کوئی معذرت قابل قبول نہیں، ہم سب کو غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہو گا، دوسرا ٹیسٹ جیتنے کیلئے پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ آج جمعرات سے شروع ہو گا اور میزبان کالی آندھی کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، بنگال ٹائیگرز کو پہلے ٹیسٹ میں اننگز اور 219 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، بنگلہ دیشی ٹیم پہلی اننگز میں 43 اور دوسری اننگز میں 144 رنز پر ڈھیر ہوئی تھی۔ اپنے ایک بیان میں تمیم اقبال نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں ہم نے بہت غلطیاں کیں جو ٹیم کی شکست کا سبب بنیں، ہماری ٹیم دوسرا ٹیسٹ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے، کھلاڑیوں کو چاہیے کہ وہ پر اعتماد رہیں، امید ہے کہ ٹیم آخری ٹیسٹ میں عمدہ پرفارم کر کے کامیابی حاصل کرے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ بحیثیت سینئر کھلاڑی میں بھی پہلے ٹیسٹ میں عمدہ پرفارم کرنے اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہا جس پر بہت دکھ ہے لیکن آخری ٹیسٹ میں میری کوشش ہو گی کہ عمدہ پرفارم کر کے ٹیم کو فتح دلانے میں کردار ادا کروں۔