پی پی دور میں ملازمتوں کی درخواستوں سے بھری بوریاں برآمد
کراچی( وقائع نگار) نگراں صوبائی حکومت نے پیپلزپارٹی کے دور میں سرکاری ملازمت کے حصول کے لئے درخواستیں دینے والے نوجوانوں کی درخواستوں کے ڈھیر ٹھکانے لگادیئے۔ گزشتہ روز نیو سندھ سیکریٹریٹ سے بوریوں میں بھری درخواستیں ردی والے کے حوالے کردی گئیں درخواستوں سے بھری بوریوں کی تعداد اتنی زیادہ تھی کہ سوزوکی میں بھر بھر کر ان بوریوں کو نیو سندھ سیکریٹریٹ سے باہر منتقل کیا گیا ۔ سندھ کے تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوان آ ج تک اس آس میں ہیں کہ ان کی درخواستوں پر ان کو میرٹ پر باعزت روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے کئی ایک انٹرویوز دے چکی کئی کو آج بھی انٹرویو کی کال کی امید ہے لیکن اگر وہ سندھ سیکریٹریٹ میں آکر دیکھ لیں کہ ان کی بھیجی گئی درخواستوں او رکوائف کو کس بے دردی کے ساتھ ردی کی نذر کیا جارہا ہے تو نہ جانے ان پر کیا گزرے گی۔