کراچی: نارتھ ناظم آباد سے 4 کار لفٹر پکڑے گئے‘ 5 گاڑیاں برآمد
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی پولیس کے اینٹی کار لفٹنگ سیل نے 4 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور چھینی گئی 5 گاڑیاں برآمد کر لیں‘ چاروں ملزمان فاروق احمد عرف عمر شیخ‘ عرفان علی جتوئی‘ حفیظ اللہ اور واحد بخش شیخ کی گرفتاری کے ڈی اے چورنگی نارتھ ناظم آباد سے عمل میں آئی۔ ملزمان شہر کے مختلف علاقوں بالخصوص گلستان جوہر‘ گلشن اقبال‘ ایف بی ایریا‘ ناظم آباد‘ گلبرگ‘ ناگن چورنگی اور واٹر پمپ سے متعدد گاڑیاں چھیننے اور چوری کرنے میں ملوث ہیں‘ ملزمان اب تک 150 گاڑیاں چھین چکے ہیں۔ ملزمان فروری 2017ء میں پولیس جیسی یونیفارم اور اپنی گاڑی پر پولیس جیسی نمبر پلیٹ لگا کر ٹنڈوالہ یار میں ایک سینئر سول ججسے ان کی کلٹس کار چھیننے میں بھی ملوث تھے۔ گینگ کا سربراہ فاروق احمد عرف عمر شیخ اور عرفان جتوئی گاڑیاں کے ٹریکٹر کاٹنے کے ماہر ہیں ملزم فاروق احمد 2009ء سے اس پیشے سے منسلک ہے جبکہ ملزم عرفان جتوئی کے دونوں بھائی ساجد جتوئی اور عبدالنبی عرف راشد جتوئی بھی انتہائی مطلوب کار لفٹرز اور پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب ہیں۔ ملزمان کا تعلق انتہائی مطلوب سنیچر بھیو گروپ سے ہے جو چھینی ہوئی گاڑیاں شکارپور میں رسول بخش بروہی‘ رفیق کھوسو‘ انصاف جتوئی اور بلوچستان میں حسین لانگا‘ ماسٹر اسلم اور حمید اللہ بروہی کو فروخت کرتے ہیں۔