نوازشریف کے استقبال کیلئے سندھ سے ن لیگ کے قافلے تیار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے رہنمائوں کا ایک اہم اجلاس پنجاب کے سابق وزیر تعلیم رانا مشہود علی خاں کی صدارت میں ہوا جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ‘ جنرل سیکرٹری سینیٹر سلیم ضیا‘ لیڈیز ونگ کی صوبائی صدر زاہدہ بھنڈ‘ کراچی ڈویژن کے صدر علی اکبر گجر‘ سینئر رہنما زین انصاری‘مرزا اشتیاق بیگ شریک تھے۔ مسلم لیگ (ن) سندھ کے اعلی سطح کے اجلاس میں پشاور میں اے این پی کے جلسے پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور دھماکے میں شہید ہونے والے ہارون بلور و دیگر کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا مشہود علی خان نے صوبائی قیادت کی مشاورت سے 13جولائی کو قائد میاں محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز شریف کے استقبال کیلئے پارٹی کی مرکزی قیادت کی ہدایات کی روشنی میں سندھ سے استقبالی قافلوں کی روانگی کے پروگرام کو حتمی شکل دی۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما رانا مشہود علی خاں نے سندھ بھر سے قافلوں کی روانگی کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے صوبائی قیادت کی مشاورت سے سندھ بھر سے مسلم لیگ (ن) کے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں‘ ڈویژنل‘ ضلعی اور یونین کونسل کی سطح تک عہدیداروں‘ منتخب بلدیاتی نمائندوں کیلئے لاہور پہنچنے اور قائد میاں محمد نواز شریف کے تاریخی استقبال کا جامع پروگرام جاری کیا۔ مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ‘ جنرل سیکرٹری سینیٹر سلیم ضیا‘ خواتین ونگ کی صدر زاہدہ بھنڈ ‘ کراچی ڈویژن کے صدر علی اکبر گجر‘ سینئر پارٹی رہنمائوں زین انصاری اور مرزا اشتیاق بیگ کو مرکزی صدر میاں محمد شہباز شریف کا خصوصی پیغام اور تاریخ ساز استقبال کیلئے ہدایات سے بھی آگاہ کیا گیا۔