الیکشن جیت کر اسلامی نظام نافذ، غربت، کرپشن کا خاتمہ کرینگے: خادم رضو ی
مریدکے/گوجرانوالہ/کامونکے (نمائندہ نوائے وقت/ نمائندہ خصوصی/ نامہ نگار) تحریک لبیک پاکستان کے امیر علامہ خادم حسین رضوی نے گوجرانوالہ جاتے ہوئے مریدکے میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاک ہ انشاء اللہ جیت ہماری ہوگی اور ہم نبی ﷺ کے دین کو ملک پاکستان کے تخت پر لے کر آئیں گے۔ ایسا اسلامی نظام رائج کریں گے کہ کسی بھی شخص کیساتھ زیادتی نہ ہو اور سب کو برابری کے حقوق میسر ہوں۔ ہماری واحد جماعت ہے جو پاکستان کے اندر اسلامی قوانین کے عین مطابق حکومت قائم کرے گی۔ برسر اقتدار آکر غربت، کرپشن، چور بازاری کا خاتمہ کریں گے۔ ہماری جماعت ہی ملک کو ان بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔ اس موقع پر تحریک لبیک کے امیدوار قومی و صوبائی اسمبلی انور رشید گجر، حافظ عثمان صابر امیر تحریک لبیک مریدکے، سبحان حیدر نائب امیرو دیگر موجود تھے۔ علاوہ ازیں علامہ خادم حسین رضوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈیمز کی تعمیر ایک بنیادی ملکی ضرورت اور وقت کا اہم ترین تقاضا ہے، ورنہ آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ عوام پاکستان اپنی نسلوں کی حفاظت کے لئے خود کو پیش کریں اور ڈیموں کی تعمیر کی حامی جماعت تحریک لبیک کو ووٹ دے کر کامیاب کریں کہ یہ ملک خداداد کی عظیم خدمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں جب وہ گوجرانوالہ چند دا قلعہ بائی پاس پر پہنچے تو امیدوار حلقہ این اے 82 شہباز نثار خان، سنی تحریک کے سٹی صدر صاحبزادہ آصف معصومی، سردار انجم ڈوگر، مفتی عثمان جلالی سمیت تحریک لبیک پاکستان کے امیدواروں عہدیداروں اور کارکنوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ علامہ خادم حسین رضوی نے مزید کہا کہ ملک کو بنجر کرنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ تحریک کے امیدوار الیکشن میں کامیابی حاصل کر کے پارلیمنٹ میں ڈیموں کی تعمیر کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے اور اس سلسلہ میں لبیک پاکستان فنڈ مہم کا اعلان بھی کیا جاتا ہے جس کے تحت تحریک لبیک ڈیموں کی تعمیر میں بھرپور مالی تعاون بھی کرے گی۔ تحریک لبیک پاک فوج کی جانب سے ڈیموں کی تعمیر میں فنڈز دینے کے عمل کو سراہتی ہے۔ دریں اثناء علامہ خادم رضوی نے کہا ہے ختم نبوت پر حملہ کرنیوالے دنیا میں تو رسوا ہوہی رہے ہیں آخرت میں بھی ان سے اس کے بارے میں پوچھا جائے گا، ملک میں نظام مصطفی کے نفاذ سے تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو انکے حقوق میسر آجائیں گے۔ علامہ خادم حسین رضوی، امیدوار حلقہ پی پی 61محمد یاسر عرفات رامے، پیر سید ظہیر الحسن شاہ بخاری، پیر سید جمیل الرحمن شاہ، علامہ قاری خدا بخش فیضوی، صاحبزادہ محمد عثمان علی جلالی، حاجی ذوالفقار علی قادری، امیدوار حلقہ این اے 83محمد ناصر محمود،امیدوار حلقہ پی پی 60محمد راشد نوید ایڈووکیٹ، صاحبزادہ محمد عاقب رضا مصطفائی، صاحبزادہ محمد یار نقشبندی،علامہ مفتی محمد نعیم اختر نقشبندی اور علامہ قاری گلزار حسین چشتی نے گزشتہ رات غلہ منڈی میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قوم سبکدوش ہونے والی حکومت کے ہر ظلم کا بدلہ الیکشن میں لے گی، (ن) لیگی امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوں گی اور بڑے بڑے برج الٹ جائیں گے۔ موجودہ حکومت کے پانچ سال ناکامیوں کی داستان ہے قوم ووٹ کی طاقت سے ظلم اور جرم کا راستہ روکنے کے لئے بے تاب ہے، پاکستان کے غداروں کو اپنا اتحادی بنانے والا نواز شریف قوم کا اعتماد کھو چکا ہے۔