مالکان نے ذولفقار آباد میں آئل ٹینکرز پارک کرنے سے انکار کردیا
کراچی (خبر نگار) ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل میں بنیادی سہولیات نہ ہونے کے باعث آئل ٹینکر مالکان نے ٹرمینل میں گاڑیاں کھڑی کرنے سے انکار کردیا ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے میئر کراچی وسیم اختر کو احکامات جاری کئے تھے شیریں جناح کالونی سے آئل ٹینکر اڈہ ختم کرکے فوری طور پر ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل میں منتقل کیا جائے لیکن ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل میں بنیادی سہولیات نہ ہونے کے باعث آل پاکستان آئل ٹینکر اونرز ایسو سی ایشن کے صدر اقبال جہانگیری نے ٹرمینل میں گاڑیاں کھڑی کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میئر کراچی وسیم اختر نے گزشتہ دنوں سپریم کورٹ کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے نامکمل آئل ٹرمینل کا افتتاح کیا جبکہ آج بھی ٹرمینل میں نا کوئی ہوٹل ہے نہ ہی اسپتال ہے اور نہ ہی رہنے کیلئے کمرے بنائے گئے ہیں یہاں تک کہ پانی کا بھی کوئی نظام نہیں ہے جب تک تمام سہولیات فراہم نہیں کی جائیں گی اس وقت تک ٹرمینل میں گاڑی کھڑی کرنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے اعلیٰ عدلیہ سے اپیل کی ہے کہ ایک کمیٹی بنائی جائے جو آئل ٹرمینل کا دورہ کرکے عدلیہ کو حقائق سے آگاہ کرے اور میئر کراچی کو پابند کیا جائے کہ ٹرمینل میں فوری طور پر تمام سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ہم ٹرمینل میں گاڑیاں کھڑی کر سکیں۔