شاہد خاقان سوائے نواز شریف کی کرپشن کے دفاع کے، کچھ بھی نہ کرسکے
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین اور حلقہ این اے53سے نامزد امیدوار ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ وہ جیتیں یا ہاریں،حلقے کے عوام کے ساتھ رابطے میں تھے اور رہیں گے۔ مخالفین انتخابات کے بعد اپنے اصل حلقوں کو لوٹ جائیں گے۔ ہمارا جینا مرنا حلقے میں عوام کے ساتھ ہے، ترقیاتی کام پہلے سے بھی زیادہ کروائیں گے۔ہماری انتخابی مہم ہمارے جان نثار چلا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے53کے مرکزی انتخابی دفترمیں انتخابی مہم کے کوآرڈینیٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حلقے کے امیدواران نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔شاہد خاقان عباسی وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہے مگر سوائے میاں نواز شریف کی کرپشن کے دفاع کے، وہ کچھ بھی نہ کرسکے۔ ان کا اصل حلقہ بھی یہ نہیں ہے۔ انتخابات کے بعد شاہد عباسی اور عمران خان اپنے اپنے حلقوں کو لوٹ جائیں گے اس لئے ووٹرز کو یہ سوچنا ہوگا کہ کس نے ان کے لئے کام کروائے ہیں اور مستقبل میں کون ان کی پہنچ میں ہوگا۔ ہم یہیں سے ہیں اور ہمارا مرنا جینا حلقے کے عوام کے ساتھ ہے۔