کروڑوں روپے کی تشہیری مہم کیخلاف پاسبان کا مظاہرہ
کراچی (نیوز رپورٹر) پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کہا ہے کہ بڑی سیاسی جماعتوں پی پی پی‘ پی ٹی آئی‘ مسلم لیگ (ن) اور متحدہ مجلس عمل کے کرپٹ الیکٹ ایبلز کی جانب سے اپنی تشہیری مہم پر کروڑوں روپے خرچ کر کے اسمبلیوں میں جا کر قومی خزانے سے اربوں روپے وصول کرنے کا پروگرام دھڑلے کے ساتھ جاری ہے یہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے احکامات کا سرعام مذاق اڑانے کے مترادف ہے‘ الیکشن کمیشن اس کا فوری نوٹس لے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کرے‘ انہیں لگام دی جائے ورنہ یہ انتخابات کھیل تماشے سے زیادہ کچھ حیثیت نہیں رکھیں گے اور قوم آئی ایم ایف کی غلام بن کر صرف قرضے ہی اتارتی رہے گی‘ انقلاب اور تبدیلی صرف پاسبان ہی لا سکتی ہے آئین‘ قانون اور میرٹ کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے تاکہ مخلص سیاسی ورکرز کو آگے بڑھے کا موقع مل سکے وہ الیکشن کمیشن آف سندھ کے دفتر کے باہر پاسبان کے احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر پاسبان پاکستان کے جنرل سیکرٹری عثمان معظم‘ پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد‘ مرکزی نائب صدر طارق چاندی والا‘ سینئر رہنما اقبال ہاشمی اور پاسبان کے نامزد کردہ امیدوار قومی اسمبلی حافظ قمر صدیقی این اے 252‘ قاری زین العابدین این اے 238 اور امیدواران صوبائی اسمبلی محمد طیب حلقہ پی ایس 95‘ کلیم اللہ ملک حلقہ پی ایس 96‘ فضل ربی خان حلقہ پی ایس 107‘ تنویر بلوچ حلقہ پی ایس 108‘ ظفر اقبال حلقہ پی ایس 117‘ دانش قریشی حلقہ پی ایس 124‘ آصف احمد حلقہ پی ایس 127‘ محمد صادق حلقہ پی ایس 129‘ آصف بخش حلقہ پی ایس 130 بھی موجود تھے۔