اساتذہ قوم کے معمار ہیں، جدید تربیت پر توجہ دینا ہوگی: کمشنر ملتان
ملتان(نمائندہ نوائے وقت+خبرنگار خصوصی ) کمشنر ملتان ڈویژن ندیم ارشاد کیانی نے کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں اس لئے ان کی ٹریننگ پر خاص توجہ دینی چاہئے۔ مختصر ٹریننگ کی بجائے تمام اساتذہ کو تفصیلی ٹریننگ کروانی چاہئے تاکہ ان کو نوکری کے دیگر امور بارے بھی جانچ پڑتال و معلومات مل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بہت تیزی سے بدل رہی ہے اس لئے تمام اساتذہ کو نئی ٹیکنالوجی اور جدید علوم سے بھی باخبر رہنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر ملتان ڈویژن ندیم ارشاد کیانی نے گورنمنٹ ایمرسن کالج ملتان کے ٹیچر انڈکشن ٹریننگ کے فیز تھری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں ڈائریکٹر کالجز سید حیدرعباس گردیزی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹریننگ میں 76فی میل اور 57میل ٹیچرز کو ٹرینڈ کیا گیا ہے ۔ پرنسپل ایمرسن کالج ڈاکٹر محمد سلیم نے کہا کہ اساتذہ کو جدید ٹیکنیکس سے متعارف کرانا وقت کا تقاضا ہے۔ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر منصور شاہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد سلمان بھٹی و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔دریں اثناء کمشنر ملتان ڈویژن ندیم ارشاد کیانی نے کہا ہے کہ پانی اور صحت کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ گیسٹرو کی وبائ، ہیپاٹائٹس اور دیگر امراض دراصل خراب پانی کی وجہ سے پھیلتے ہیں۔ انتظامیہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرے۔ اس سلسلے میں واسا کے تمام فلٹریشن پلانٹس کے پانی کے نمونہ جات حاصل کر کے تھرڈ پارٹی سے چیک کروائے جارہے ہیں جبکہ دیگر واٹر فلٹریشن پلانٹس کو مخیر حضرات کے ذریعے چلوایا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر ملتان ڈویژن ندیم ارشاد کیانی نے واٹر فلٹریشن پلانٹس بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔کمشنر ملتان ندیم ارشاد کیانی نے کہا کہ اگر چند واٹر فلٹریشن پلانٹس کی دیکھ بھال مخیر حضرات اپنے ذمہ لے لیں تو عوام کو صاف پانی کی سہولت میسر آپائے گی۔