عازمین حج کی ویکسی نیشن اور انسداد پولیو قطرے پلانے کا سلسلہ جاری
ملتان (نامہ نگار خصوصی) وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام عازمین کرام کی ویکسی نیشن اور پولیو کے قطرے پلانے کا عمل جاری ہے۔ گزشتہ روز ملتان سمیت مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 700 سے زائد عازمین کرام کی ویکسی نیشن کی گئی اور پولیو کے قطرے پلائے گئے۔ حاجی کیمپ میں حج پر جانے والے عازمین کرام کے رش دیکھتے ہوئے ویکسی نیشن کرنے والے عملے کی تعداد میں اضافہ اور پیلا کارڈ جاری کرنے والے کائونٹر کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیاہے۔ حج کیمپ انتظامیہ نے بتایا ہے کہ عازمین کرام کی ویکسی نیشن کا عمل کل بروز جمعہ کو بھی جمعہ کے وقفہ کے علاوہ شام پانچ بجے تک جاری رہے گا جبکہ اتوار کے روز چھٹی کے باوجود بھی عازمین کرام کی ویکسی نیشن کا عمل جاری رہے گا۔