ایران کا تباہ کن طرز عمل قبول نہیں، بھاری قیمت چکانا ہوگی: امریکہ
واشنگٹن(آئی این پی)امریکی وزیر خارجہ مائیک پومیو نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا ہے کہ ایران کو اپنی سرگرمیوں کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی، امریکہ کی توجہ غلط ایرانی طرز عمل اور ایران کی مالی استعداد کو روکنے پر مرکوز رہے گی، ایران کا تباہ کن طرز عمل امریکہ کے لئے ناقابل قبول ہے۔ امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ ایران کو حقیقی معنوں میں بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار متحدہ عرب امارات کے اپنے دورے میں کیا۔ نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ بدستور اس غلط طرز عمل کو جاری رکھنے کے لیے ایران کی مالی استعداد کو روکنے پر مرکوز رہے گی۔پومپیو نے کہا کہ اس میں پابندیوں کا ایک سلسلہ بھی شامل ہے ، جن کا ہدف ایرانی عوام نہیں ہیں ، بلکہ اس کی بجائے ہمارا واحد مقصد و مشن ایرانی حکومت کو یہ باور کرانا ہے کہ ان کا تباہ کن طرز عمل قابل قبول نہیں ہے۔امریکی وزیر خارجہ پومپیو نے متحدہ عرب امارات کے اپنے اس مختصر دورے میں ابوظہبی کے طاقت ور ولی عہد محمد بن زید النہان سے بھی ملاقات کی۔ایران کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں تیل سپلائی روکنے کی دھمکیوں کے بعد امریکا نے تیل بردار جہازوں کے روٹس کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ملٹری ڈاٹ کام نامی پورٹل کے مطابق امریکی فوج ایران کی جانب سے بحری جہازوں بالخصوص تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں کو سنجیدگی سے لے رہی ہے۔ مشرق وسطیٰ سے تیل کی بلا تعطل ترسیل جاری رکھنے کے لیے امریکی فوج تیل بردار جہازوں کی گذرگاہوں کو سیکیورٹی مہیا کرے گی۔