نامعلوم افراد نے ن لیگی امیدواروں کے پوسٹر راتوں رات اتار دیئے: آصف رجوانہ
ملتان (سپیشل رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے رہنما و حلقہ پی پی 214 کے امیدوار ملک آصف رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ شہر بھر میں ہمارے لگے ہوئے تشہیری بینرز اور پوسٹرز کو اتارا جا رہا ہے‘ الیکشن کمشن اس کا نوٹس لے‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری شدہ ایک بیان میں کیا‘ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ نامعلوم افراد نے راتوں رات ان کے لگے ہوئے تمام تشہیری بینرز و پوسٹرز اتار دیئے ہیں۔ یہ عمل جانب دارانہ ہے جس سے مسلم لیگ (ن) اور میں شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس الیکشن میں جانبداری کی وجہ سے ہماری الیکشن مہم متاثر ہورہی ہے ہماری آزادانہ الیکشن مہم میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں الیکشن کمشن ان اقدامات کا نوٹس لے۔