حالات نازک ہیں سیاسی رہنماؤں ، امیدواروں اور عوام کی سیکیورٹی اولین ترجیح ہے :حسن عسکری
لاہور(خصوصی رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی زیرصدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا،جس میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سرکردہ سیاسی رہنمائوں اور امیدواروں کی سکیورٹی کیلئے کئے جانے والے انتظامات اور ضابطہ اخلا ق کی پابندی کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نگران وزیر اعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی لیڈروں ، امیدواروں اور عوام کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے۔دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کیلئے امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کا تعاون ضروری ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ الیکشن سے متعلقہ امور سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے طے کر رہے ہیں۔حالات نازک ہیں، یہ جوش نہیں ہوش کا دامن تھامنے کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیدوار شکایت یا مسئلے کی صورت میں مقامی انتظامیہ، وزراء یا مجھ سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ نگران حکومت ممکنہ حد تک ہر شکایت کا ازالہ کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ نگران صوبائی وزیر داخلہ شوکت جاوید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مخالف عناصر پرامن ماحول کو خراب کرنے کے درپے ہیں۔ نگران صوبائی وزراء سید ضیاء حیدر رضوی، شوکت جاوید، احمد وقاص ریاض، ظفر محمود، چیف سیکرٹری ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،انسپکٹر جنرل پولیس ،سیکرٹری اطلاعات اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب سے گزشتہ روزآل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے سیکرٹری جنرل سرمد علی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی،جس میںسانحہ پشاور کے شہداء کے لئے فاتحہ خوانی ،بم دھماکے کی شدید مذمت کی اورسانحہ پشاور میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظرممکنہ حد تک بہترین حفاظتی اقدامات کررہے ہیں ۔ضلعی انتظامیہ مقامی سطح پر الیکشن امور اورانتظامات کے بارے میں ذمہ دار ہیں۔ میڈیاالیکشن کے دوران عوام میں شعور آگاہی کا قومی فریضہ نبھائے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ اشتہارات کی واجب الا دارقوم کی ادائیگی جلد ممکن بنائیںگے۔ سیکرٹری اے پی این ایس سرمد علی نے کہا کہ پنجاب کا محکمہ تعلقات عامہ سب سے زیادہ منظم اوربہتر ادارہ ہے ۔ پنجاب کو پہلی خاتون ڈی جی پی آرکے تقرر کا اعزاز بھی حاصل ہے۔اس موقع پر نگران صوبائی وزیر اطلاعات احمد وقاص ریاض،سیکرٹری اطلاعات بلال احمد بٹ،ڈی جی پی آرنبیلہ غضنفر اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے آج 5 کلب روڈ پر وزیراعلیٰ شکایت سیل کا دورہ کیا اور شکایت سیل کے مختلف شعبوں کامعائنہ کیا اور شکایات کے اندراج سے ازالے تک کے طریقہ کار کامشاہدہ کیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے اس موقع پر شکایات کے ازالہ کیلئے آنے والے سائلین سے ملاقات بھی کی اوران سے مسائل سنے۔ڈاکٹر حسن عسکری نے سائلین کی شکایات اورمسائل کے ازالے کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے اس موقع پر سائلین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے وزیراعلیٰ شکایت سیل کوازسرنو فعال کیا گیا ہے۔عوام اپنے مسائل کے حل کیلئے آن لائن بھی درخواست دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی حکومت کا بنیادی فرض ہے،شکایت سیل میں آنیوالی ہر درخواست پر محکمانہ رپورٹ کے بعد جلد ازجلد کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔محکمہ ریونیو ،پولیس اوردیگر محکموں سے متعلق عوامی شکایات کے ازالے کیلئے شکایات سیل میں متعلقہ محکموں کے نمائندے موجود ہوںگے۔ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ عوام شکایات کیلئے آن لائن،بذریعہ ڈاک،ای میل یا براہ راست درخواست دے سکتے ہیں۔بلاول بھٹو کے قافلے کو روکے جانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ اوچ شریف میں پیش آنے و الا معاملہ حل ہوچکا ہے اورمیرا خیال ہے کہ یہ سب کچھ قافلے کا روٹ بدلنے سے ہوا اور اس سے ایشو پیدا ہوا،جسے بروقت حل کیا گیا۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے پشاور دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے دھماکے میں ہارون بلور سمیت قیمتی انسانی جانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسو س کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے واقعہ میں زخمیو ںکی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔مزید براںڈاکٹر حسن عسکری نے ملالہ ڈے کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملالہ یوسف زئی نے جہالت کے اندھیروں میں علم کی شمع روشن کی اور انتہا پسندوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ ملالہ پاکستانی طالبات کے لیے ایک مثال ہے۔ ملالہ یوسف زئی ایک جدید ، تحمل اور برداشت کے حامل پاکستان کا اصل چہرہ ہے۔