سبزہ زار کے علاقہ میں نوجوان سیڑھیوں سے گر کر جاں بحق
لاہور (نامہ نگار) سبزہ زار کے علاقہ میں 30 سالہ نوجوان پراسرار طور پر ہلاک ہو گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بہاولنگر کا رہائشی 30 سالہ نوجوان ساجد روزگار کے سلسلے میں لاہور آیا تھا اور سبزہ زار کے علاقہ میں ایک کوارٹر میں رہائش پذیر تھا۔ گزشتہ روز سیڑھیاں اترتے ہوئے پراسرار طور پر نیچے گر گیا۔ اسے طبی امداد کے لئے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں ڈاکٹرز نے اس کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش قبضے میں لے کر مردہ خانے منتقل کرکے متوفی کے لواحقین کو اطلاع کر دی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ متوفی کی موت ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہوئی ہے۔