نگراں وزیراعلیٰ نے فشنگ پر 2ماہ کی پابندی ختم کردی
کراچی(کامرس رپورٹر) چیئرمین فشر مینز کوآپریٹیوسوسائٹی عبدالبر نے وفد کے ہمراہ نگراں وزیراعلی سندھ فضل الرحمن سے وزیراعلی ہائوس میں ملاقات کی۔جس میں چیئرمین ایف سی ایس عبدالبر نے وزیراعلی سندھ فضل الرحمن کوماہی گیروں کے اہم مسائل سے آگاہ کیا۔وفد میںڈائریکٹر آصف بھٹی،وائس چیئرمین یو سی 41بابا بھٹ اشرف بھٹی،عبدالغنی بھٹی، حاجی ابراہیم شامل تھے۔چیئرمین ایف سی ایس عبدالبر نے دو ماہ کے لیے مچھلیوںکے شکارپر پابندی کے باعث ماہی گیروں کی حالت زار اور معاشی مسائل میں اضافے سے متعلق انہیں آگاہ کیا۔چیئرمین ایف سی ایس عبدالبر نے وزیراعلی سندھ فضل الرحمن کو بتایا کہ مچھلیوں کا شکارماہی گیروں کے روزگار کا واحد ذریعہ ہے اور دو ماہ کی پابندی کے باعث ماہی گیروں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو جاتے ہیں ، ماہی گیر جزیروں پرپینے کے پانی کی عدم فراہمی بھی ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔ نگراں وزیراعلی سندھ فضل الرحمن نے مچھلیوں کے شکار پر لگائی گئی دو ماہ کی پابندی فوری طور پر ختم کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ۔