پٹرولیم مصنوعات میں سیلزٹیکس میں مزید کمی کی جائے ،شہباز اسلم
لاہور (کامرس ڈیسک)تاجر رہنما و ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس وانڈسٹری سابق وائس چیئرمین فرایا شہباز اسلم نے وزارت خزانہ کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کی شرح میں کمی کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 6.37روپے فی لیٹر کمی کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات میں سیلز ٹیکس میں مزید کمی اور پٹرولیم لیوی ٹیکس کا خاتمہ کرکے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے فائونڈ ر چیئرمین عدنان بٹ،ارشد بیگ،تنویر احمد،حقیق احمد،شاہد بیگ اور دیگر صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شہباز اسلم نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں وقتا فوقتا ہوشربا اضافوں کے ساتھ ساتھ سیلز ٹیکس کی شرح میں مسلسل اضافہ کرتے ہوئے صنعتی شعبہ اور عوام پر بوجھ ڈالا جاتا رہا ہے جس کے باعث صنعتی شعبہ کی ٹرانسپورٹیشن اخراجات میں اضافہ سے پیداواری لاگت میں کئی گنا اضافہ ہوا جس سے اشیا کی قیمتوں میں اضافہ سے ملک میں ہوشربا مہنگائی نے جنم لیا اور عوام متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں سیلز ٹیکس کم کرکے اسے سنگل ڈیجٹ تک لاکر پٹرولیم مصنوعات میں مزید کمی کی جائے اور پٹرولیم لیوی ٹیکس ختم کیا جائے ۔پٹرولیم مصنوعات میں سیلز ٹیکس کمی سے ایندھن سستا پیداواری لاگت میں کمی سے مہنگائی کنٹرول ہوگی۔نیز عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات میں کمی کا ریلیف بھی عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرکے فراہم کیا جائے۔