مشتاق رئیسانی سے برآمد ایک ارب 30کروڑ مالیت کے اثاثے بلوچستان حکومت کے سپرد
کوئٹہ(نوائے وقت رپورٹ+صباح نیوز)نیب بلوچستان نے میگا کرپشن کیس میں گرفتار سابق سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی سے برآمد کی گئیں ایک ارب 30کروڑ روپے مالیت کی جائیداد کی قانونی دستاویزات صوبائی حکومت کے حوالے کر دیں۔یاد رہے کہ مشتاق رئیسانی کو کرپشن کے الزام میں 6 مئی 2016 کو سول سیکرٹریٹ کوئٹہ میں ان کے دفتر سے گرفتار کیا گیا تھا۔گرفتاری کے بعد مشتاق رئیسانی کے گھر پر چھاپے کے دوران 73 کروڑ روپے کے نوٹ، 4 کروڑ روپے کا سونا، پرائز بانڈ، سیونگ سرٹیفکیٹس، ڈالر اور پائونڈز کی گھڑیاں اور مختلف جائیدادوں کے کاغذات ملے تھے۔چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے یہ دستاویزات اور چابیاں نیب ہیڈ کوارٹرز کوئٹہ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان علا الدین مری کے حوالے کیں۔