سندھ میں اہم سیاسی رہنمائوں کی سیکورٹی بڑھانے پر غور
کراچی (وقائع نگار) وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر نے بدھ کے روز تمام صوبائی چیف سیکرٹریز سے عام انتخابات کے تناظر میں امن و امان اور الیکشن کمشن آف پاکستا کے ضابطہ اخلاق برائے عام انتخابات 2018ء پر تبادلہ خیال کیا۔ چیف سیکرٹری سندھ میجر (ر) اعظم سلیمان خان نے عام انتخابات کے مراحلو کو مزید خوش اسلوبی سے مہمیز کرنے کے پیش نظر تین نکاتی تجاویز پیش کیں اول یہ کہ اہم سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کی سیکورٹی بڑھائی جائے۔ دوئم یہ کہ کارنر میٹنگز کا انعقاد کم سے کم کیا جائے تاکہ سانحہ یکہ توت پشاور جیسے واقعات جنم نہ لے سکیں اور سوئم یہ کہ بین الصوبائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے بین الصوبائی روابط اور تعاون کو فروغ دیا جائے۔ سیکرٹری داخلہ نے تجاویز کو سراہتے ہوئے ملک بھر میں عام انتخابات کے مراحل پر اطمینان کا اظہار کیا اور امن و امان کی صورتحال کے ساتھ ساتھ عام انتخابات 2018ء کے ضابطہ اخلاق کی یقینی تعمیل کیلئے موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔