ہارون بلور کی شہادت افسوسناک‘ ملوث عناصر کو گرفتار‘ عبرتناک سزا دی جائے: طاہرالقادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ ہارون بلور اور دیگر افراد کی دہشتگردی کے واقعہ میں شہادت پر افسوس ہے، واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں اور سانحہ میں ملوث جملہ عناصر کو گرفتار کر کے عبرتناک سزا دی جائے، زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں، سربراہ عوامی تحریک گزشتہ روز ایتھنز یونان سے سپین پہنچ گئے جہاں وہ پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں اور 15جولائی کو بارسلونا میں ’’انسان کی اخلاقی و روحانی ترقی‘‘ کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرینگے، گزشتہ روز ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سپین میں تنظیمی عہدیداروں اور وفود سے ملاقات کی اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان محب وطن اور باصلاحیت شہریوں کا ملک ہے، مکینیکل ہارٹ لگانے کا کامیاب آپریشن شعبہ طب میں ایک بڑی کامیابی ہے جس پر آپریشن کرنے والے ڈاکٹرز اور دیگر عملہ مبارکباد کا مستحق ہے۔ملکی سطح پر تیار کردہ دو مصنوعی سیارے بھی چین کے خلائی راکٹ سے مدار میں بھیجے ہیں، جس پر پاکستانی سائنسدان اور انجینئرز مبارکباد کے مستحق ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ آج کل عوامی سطح پر اچھی خبریں بھی آرہی ہیں جس میں قومی کرکٹ ٹیم کا سہ ملکی ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنا اور ٹی ٹوئنٹی کی ورلڈ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا ہے۔ کرپٹ اشرافیہ کی اقتدار سے بے دخلی کے بعد بیرون ملک سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں بھی اضافہ ہو گیا ہے جو خوش آئند ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے وطن کیلئے جان، مال سب کچھ قربان کرنے کیلئے تیار ہیں مگر کرپشن، بدعنوانی، اقربا پروری اور لوٹ کھسوٹ کی وجہ سے ان کا اعتماد متزلزل ہو چکا ہے۔