دفاعی چیمیئن راجر فیڈررکو اینڈرسن کے ہاتھوں اعصاب شکن مقابلے کے بعد شکست
لندن (اے پی پی) دفاعی چیمپئن راجر فیڈرر کا ریکارڈ نویں مرتبہ ومبلڈن اوپن مینز سنگلز ٹائٹل جیتنے کا خواب ادھورا رہ گیا، فیڈرر کو کوارٹر فائنل میں کیون اینڈرسن کے ہاتھوں اعصاب شکن مقابلے کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا، اینڈرسن نے ابتدائی دو سیٹس میں ناکامی کے بعد جاندار کم بیک کرتے ہوئے مسلسل تین سیٹس جیت کر سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا، نوویک جوکووچ سیمی فائنل میں داخل ہو گئے۔ لندن میں جاری سال کے تیسرے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن اوپن کے سلسلے میں بدھ کو کھیلے گئے کوارٹر فائنلز میں جنوبی افریقن کھلاڑی کیون اینڈرسن نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریکارڈ 20 مرتبہ کے گرینڈ سلام چیمپئن اور سوئس سٹار راجر فیڈرر کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-2 سیٹس سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا، فیڈرر نے ابتدائی دونوں سیٹس 6-2 اور 7-6، (7-5) سے ہرا کر برتری حاصل کی لیکن اس کے بعد اینڈرسن نے تیسرا سیٹ 7-5 سے جیت کر جاندار کم بیک کیا، اینڈرسن نے چوتھا سیٹ 6-4 سے جیت کر مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا، پانچویں اور فیصلہ کن سیٹ میں بھی فیڈرر اور اینڈرسن کے درمیان زبردست جنگ ہوئی جس میں اینڈرسن نے فیڈرر کو 13-11 سے ہرا کر 3-2 سے کامیابی سمیٹی اور اس کے ساتھ ہی سیمی فائنل کا ٹکٹ بھی کٹوا لیا، ایک اور کوارٹر فائنل میں سربین سٹار نوویک جوکووچ نے حریف جاپانی کھلاڑی کائی نیشکوری کو 6-3، 3-6، 6-2 اور 6-2 سے ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔