ایکسیڈنٹ میں ہلاکت کی خبر جھوٹی ،میں زندہ اور بالکل ٹھیک ہوں،عبدالرزاق
اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک )قومی ٹیم کے سابق مایہ ناز آل راؤنڈر عبدالرزاق نے سوشل میڈیا پر اپنی موت کے حوالے سے زیر گردش خبروں پر گہرے غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔بدھ کو سوشل میڈیا پر یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ پاکستان کے سابق نامور آل راؤنڈر ایک کار حادثے کا شکار ہو کر ہلاک ہو گئے ہیں۔تاہم عبدالرزاق نے اپنے ویڈیو پیغام میں ان خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں اور ان کا کسی بھی قسم کا ایکسیڈنٹ نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ میرے ایکسیڈنٹ کے حوالے سے زیر گردش خبریں جھوٹی ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں، میں زندہ ہوں اور بالکل ٹھیک ہوں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو خبر کی تحقیقات کیے بغیر سوشل میڈیا پر اس طرح کی خبریں لگانے سے گریز کرنا چاہیے۔