قرضوں کا حجم 24.5 کھرب روپے‘ اگلی حکومت کیلئے ادائیگی بڑا چیلنج ہوگی: وزیر خزانہ
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ پاکستان کے ذمہ اندرونی اور بیرونی قرضوں کا حجم 24.5 کھرب روپے ہے اور اگلی حکومت کے لیے سب سے بڑا چیلنج غیر ملکی قرضوں کی ادائیگیاں ہوں گی۔ اسلام آباد میں وزارت منصوبہ بندی کے زیر اہتمام سرکاری قرضوں کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا 30جون تک پاکستان کے قرضے جی ڈی پی کے 72 فیصد تک پہنچ گئے اور رواں مالی سال کے آخر تک قرضے جی ڈی پی کے 74 فیصد تک پہنچ جائیں گے، قانون کے مطابق قرضوں کا حجم جی ڈی پی کے 60 فیصد تک ہونا چاہئیں۔ مجموعی قرضوں کا حجم قانونی حد سے 12 سے 14 فیصد اوپر چلا گیا ہے، قرضے مئی تک 16.5 ٹریلین روپے تک پہنچ گئے ہیں۔ قرضوں میں اضافے کی ایک وجہ غیر ذمہ دار اور کمزور معاشی منصوبہ بندی ہے، عالمی سطح پر شرح سود بڑھنے سے پاکستان کے لیے مشکلات پیدا ہوں گی۔ علاوہ ازیں پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کے بارے میں ایک کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے نگران وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے تحت حکومت کو اب تک 89 ارب روپے وصول ہوئے ہیں۔ سکیم سے ٹیکس خسارے کو پورا کرنے میں مدد ملی ہے۔ نگران وزیر خزانہ نے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے مقامی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ شراکت داری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مقامی وسائل کا استعمال کامیابی کی کلید ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ غیر سرکاری تنظیمیں اور کارپوریٹ سیکٹر ایس ڈی جیز کے عملدرآمد کیلئے پائیددار ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔مالی سال 2017-18ء میں ملک کو 37ارب 87کروڑ ڈالر سے زائد تجارتی خسارہ کا ملکی تاریخ میں سب سے بڑا حجم ہے۔ ملک میں گزشتہ مالی سال میں 60ارب 89کروڑ ڈالر سے زائد کی درآمدات ہوئیں جبکہ برآمدات 23ارب 22کروڑ ڈالر سے کچھ زائد رہیں۔ ادارہ شماریات نے مالی سال 2017-18ء کا تجارتی خسارہ، درآمدات اور برآمدات کے اعدادوشمار جاری کر دئیے۔ تجارتی خسارہ اور درآمدات ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔ مالی سال 2017-18ء میں تجارتی خسارہ 37ارب 67کروڑ ڈالر رہا۔ مالی سال 2017-18ء میں درآمدات کا حجم 60ارب 89کروڑ 60لاکھ ڈالرز رہا۔ مالی سال 2017-18میں برآمدات 23ارب 22کروڑ 30لاکھ ڈالرز ہیں۔ مئی کے مقابلے میں جون 2018ء میںبرآمدات میں 12فیصد کمی ہوئی۔ جون 2018ء میں برآمدات کا حجم ایک ارب 88کروڑ 70لاکھ ڈالرز رہا۔