زندگی میں کبھی پارٹی ٹکٹ کیلئے درخواست دی نہ چاپلوسی کی: چودھری نثار
راولپنڈی/ ٹیکسلا (آئی این پی + آن لائن) سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاہے کہ عمران کو کہتا ہوں ایسے لوگوں سے تبدیلی لائو گے ،جنہوں نے پیپلز پارٹی سے وفا نہیں کی ، ق لیگ سے وفا نہیں کی ، مشرف سے وفا نہیں کی آپ سے وفا کیا کریں گے، کرپشن کی گندگی میرے دامن پر نہیں ،چیلنج کرتا ہوں اس حلقے کا مو ازنہ میاں نواز شریف، زرداری اور عمران کے حلقے سے کریں ، میں نے کوئی مل کوئی فیکٹری نہیں لگائی ،جیپ میں خود بھی بیٹھو اور دوسروں کو بھی بٹھاو۔میرا مخالف کہتا ہے میں نے مشرف دور میں کام کروائے کہاں کروائے نظر نہیں آتے، دہشتگردی کے خلاف جنگ وزارت داخلہ نے فوج کے ساتھ مل کر لڑ ی،میں جھوٹ نہیں بولتا میں منافقت نہیں کرتا۔میں واحد سیاست دان ہوں جو 85 سے آج تک 8 مرتبہ ایم این اے بنا میں نے اپنی زبان پاکستان کے مفاد کے لیے استعمال کی ہے۔ وہ بدھ کو یہاں کوٹہ کلاں میں عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ میری نیت صاف تھی میں نے آپ کی خدمت کی۔پونا ارب روپیہ اس علاقے میں لگایا، اللہ تعالی مجھے توفیق دے آپ کی اور خدمت کرسکوں عزت عہدے سے نہیں کردار سے ملتی ہے۔چوہدری نثار نے کہا کہ کرپشن کی گندگی میرے دامن پر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی عزت بھی رکھی اور ووٹ دینے والوں کی بھی عزت رکھی ہے۔ میں نے تمام زندگی اپنی قوم اپنے علاقے اور آپکو دی ۔ انہوں نے کہا کہ تھانہ چونترہ کے لوگوں پر فخر ہے کہ غیرت مند ہیں بکتے اور جھکتے نہیں۔ میری نواز شریف سے ناراضگی یہ ہے کہ میں نے کہا میں نواز شریف کے بچوں کے سامنے ہاتھ نہیں باندھ سکتا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان میرا 45 سالہ پرانا دوست ہے اسے بھی انکار کیا۔ انہوں نے کہاکہ میرا ٹکٹ عوام کا ٹکٹ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف چونتیس سال تم نے میری وفا دیکھی اب میری اور میرے چونترے والو کی سٹ دیکھنا۔ آج حلقہ 63 میں ہوں میں اسی پر کام کر رہا ہوں۔ تین حلقے اپنے چونترے والوں کے سپرد ہیں یہی میرا الیکشن لڑ رہے ہیں ۔اس دفعہ ہمارا نشان شیر نہیں جیپ ہے۔ شیر اب بلی بن گئی ہے۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پورے ملک کی نظریں 25 تاریخ کو آپکے اس حلقے پرلگی ہو گی۔ کل پشاور میںافسوسناک واقعہ ہوا ہے۔ جس خاندان کی جان گئی ، کل ان کا ایک اور بیٹا شہید ہوگیا انہوں نے پشاور دھماکہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت کروائی۔ مغربی دنیا کو کہا جب تک مسلمانوں کے حوالے سے سوچ تبدیل نہیں ہوگی دہشتگردی کے خلاف جنگ نہیں لڑی جاسکتی۔مسلمان دہشتگردی کا شکار ہیں۔ چوہدری نثار نے کہا کہ ہندوستان کا وزیر داخلہ آیا کشمیریوں کا قاتل راج ناتھ۔میاں نواز شریف نے کہا کہ بھارتی وزیرداخلہ کی خاطر تواضع کرنا، ۔لیکن میں نے اس کی ایسی خاطر کی تو وہ کرسی چھوڑ کر واپس چلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست بڑا مشکل کام ہے۔ میں نے اپنے حلقے میں 32 ارب روپے کے ترقیاتی کام کیے۔ علاوہ ازیں سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سیاست کا معاشرے میں کردار صاف و شفاف ہونا چاہئے ،ساری زندگی سیاست عوامی خدمت سمجھ کر کی، 35سال نواز شریف کے ساتھ ایماندری کے ساتھ رہا، زندگی میں انتخابی ٹکٹ کیلئے کسی کو درخواست دی نہ چاپلوسی کی۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ 35 سال پہلے جو پودا لگایا تھا آج ایک تناور درخت بن چکا ہے۔ چوہدری نثار علی خان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کے وقت تقریر کرنا کوئی کھیل تماشہ نہیں ہوتا ہیں اپنے حلقے کے عوام کے سامنے جو ابدہ ہوں میں نے اپنے عزت نفس کو تحفط دیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ساری زندگی انتخابی ٹکٹ درخواست نہیں دی اور نہ اب کبھی دوں گا، زندگی میں کسی سیاسی جماعت سے ٹکٹ کی بات ہی نہیں کی اور نہ کوئی درخواست دی۔