گزشتہ مالی سال میں سیمنٹ کی فروخت میں 13 فیصد سے زائد اضافہ
لاہور(کامرس رپورٹر)گزشتہ مالی سال -18 2017 سیمنٹ انڈسٹری کے لیے بہترین سال ثابت ہوا۔ سیمنٹ کی سالانہ فروخت میں اضافہ 13.84 فیصد ہوا جبکہ مقامی فروخت میں 15.42 فیصد اور برآمدات میں 1.77 فیصد اضافہ ہوا، برآمدات میں یہ اضافہ گزشتہ 9 برسوں میں سب سے ذیادہ ہے۔آل پاکستان سیمنٹ منیوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال -18 2017 میں سیمنٹ کی مقامی کھپت 41.147 ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال 2016-17ء کے مقابلے میں 15.42 فیصد زیادہ ہے جبکہ گزشتہ برس مقامی کھپت 35.651 ملین ٹن تھی۔ تاہم برآمدات میں صرف 1.77فیصد اضافہ ہواجو گزشتہ سال 2016-17 میں 4.664ملین ٹن تھیںاورمالی سال -18 2017 میں 4.746ملین ٹن ہوگئیں۔جون 2018کے مہینے میں سیمنٹ کی مجموعی کھپت 2.979ملین
ٹن ریکارڈ کی گئیں، ان میں سے شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی مقامی کھپت 2.158 ملین ٹن رہی جو گزشتہ برس 2017ء میں 1.897 ملین ٹن تھی۔اس طرح اس ضمن میں 13.77فیصد اضافہ ہوا۔ جنوبی علاقے میں واقع سیمنٹ کے کارخانوں کی کھپت 0.423 ملین ٹن رہی جو گزشتہ برس جون 2017ء میں 0.485 ملین ٹن تھی اس طرح اس مد میں 12.79فیصد کمی واقع ہوئی۔ شمالی علاقے میں واقع کارخانوں کی برآمدات 0.183 ملین ٹن ریکارڈ کی گئیں ۔